بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مشین لگا کر گیس کا پریشر تیز کرنا


سوال

آپ کے سابق فتویٰ میں یہ دیکھ چکا ہوں کہ گھر میں گیس کھینچنے والی مشین لگانا جائز نہیں، مگر ہمارے گھر میں والد صاحب نے مشین لگائی ہوئی ہے اور موقف یہ اختیار کیا ہے کہ ہمارے علاقے میں تو کسی کی بھی گیس نہیں آتی، اس صورت میں جو تھوڑی گیس لائن میں موجود ہوتی ہے اس کو مشین سے کھینچنا کوئی جرم نہیں،  یہ کسی کی حق تلفی میں تصور نہیں کیا جا سکتا، اور گھر میں باقی سب عالمہ اور حافظہ ہیں جو اس سے اختلاف کرتی ہیں، مگر ان کی نہیں مانی جاتی اور والد صاحب  کہتے ہیں کہ میں نے فتویٰ لیا ہوا ہے، جامعہ کا فتویٰ دکھانے پر کہتے ہیں کہ  سوال غلط کیا ہے؛ اس لیے  جواب صحیح نہیں ملا، اب ایک تو اس کا مدلل اور مفصل جواب دیجیے اور دوسرا یہ بھی بتائیے کہ اگر والد اس مشین کے استعمال پر بضد رہیں تو گھر والوں کے  لیے کیا حکم ہے اور اس صورت میں گناہ گار کون ہوگا؟

جواب

ادارہ کی جانب سے جاری کردہ سابقہ فتوی بعنوان:

مشین لگا کر گیس کا پریشر تیز کرنے کا حکم

مدلل ہے، لہذا اس میں کسی قسم کی ترمیم کی حاجت نہیں،   اور سائل  کے والد صاحب کا موقف  از  روئے  دلائل درست نہیں، حکومت کی جانب سے گیس لائن لگاکر گیس کی فراہمی تب ہی ہوتی ہے جب کہ لائن میں گیس موجود ہو، پھر جب کچھ لوگ مشین لگاکر گیس کھینچ لیتے ہیں تو دوسروں کے لیے بعض اوقات گیس موجود نہیں رہتی، اور  بعض اوقات بہت کم ہوجاتی ہے؛ یہی ضرر ہے جو عامۃ الناس کو لاحق ہورہاہے، اور اسی سے گزشتہ فتوے میں منع کیا گیا ہے، اور یہ بات  قانونًا بھی جرم ہے؛ لہٰذا تمام لوگوں کو  چاہیے کہ وہ اس طرح کی مشین کا استعمال نہ کریں، اس سے سب لوگوں کو گیس مہیا ہونا شروع ہوجائے گی؛ گو اس کا پریشر کم ہوگا۔ 

بہرحال اگر  سائل کے والد صاحب اپنے عمل پر قائم رہیں، تو  ایسی صورت میں وہ گناہ گار ہوں گے، تاہم مذکورہ گیس پر تیار شدہ کھانا حرام نہ ہوگا، بشرطیکہ کھانے کے اجزاء ترکیبی  میں کوئی  حرام و ناجائز چیز شامل نہ ہو۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206200667

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں