بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

1 جمادى الاخرى 1446ھ 04 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

لائٹ میں ہمبستری کرنے کاحکم


سوال

کیا میا ں  بیوی لائٹ میں ہمبستری کرسکتے ہیں یا لائٹ بند کرنا ضروری ہے؟

جواب

 ہمبستری چاہے لائٹ میں ہو یا بغیر لائٹ کے دونوں صورتوں میں صحیح ہے،شرعاً اس کی کوئی تحدیدنہیں ہے ،البتہ جماع کے آداب میں سے ہےکہ میاں بیوی ایک دوسرے کے شرمگاہ کو دیکھنےسے  احتراز کریں جیساکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ہی فرماتی ہیں کہ نہ تو آپ ﷺ نے کبھی میرے ستر کی طرف دیکھا اور نہ ہی میں نے کبھی آپ ﷺ کے ستر کی طرف دیکھا۔اس لئے بہتر یہ کہ بلاضرورت روشنی نہ کی جائے۔

حدیث شریف میں ہے:

"مانظرت أو مارأیت فرج رسول الله صلی الله علیه وسلم قط". [سنن ابن ماجه:138، أبواب النکاح، ط:قدیمی]

اس حدیث کے ذیل میں صاحبِ ’’مظاہرحِق‘‘  علامہ قطب الدین دہلویؒ لکھتے ہیں:

’’ایک روایت میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاکے یہ الفاظ ہیں کہ :نہ توآں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے میراسترکبھی دیکھا اورنہ کبھی میں نے آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کاستردیکھا۔ان روایتوں سے معلوم ہواکہ اگرچہ شوہراوربیوی ایک دوسرے کاستردیکھ سکتے ہیں، لیکن آدابِ زندگی اورشرم وحیا  کاانتہائی درجہ یہی ہے کہ شوہراوربیوی بھی آپس میں ایک دوسرے کاسترنہ دیکھیں‘‘۔

[مظاہرحق، 3/262، ط: دارالاشاعت کراچی] 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144509100793

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں