بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

لڑکی کا نام مرہا رکھنا


سوال

میں اپنی بھتیجی کا نام"مِرها" رکھنا چاہ رہا ہوں۔ کیا یہ نام رکھنا ٹھیک ہے؟  اور "مِرحا" یوں بھی لکھا جاتا ہے تو  کیا یہ نام اس طرح لکھنا مناسب ہے؟  مجھے مِرہا اور مِرحا دونوں ناموں کے متعلق  مکمل رہنمائی چاہیے!

جواب

تلاش کے باوجود ہمیں کسی لغت میں "مرها" کا معنی نہیں مل سکا، البتہ بعض جدیداردوڈکشنریوں میں اس کا معنی "یتیم "،"بغیر ماں باپ کے ہونا"لکھا گیا ہے۔یہ نام رکھنا درست نہیں۔

’’مِرحا‘‘ (میم کے زیر اور ح کے بعد الف کے ساتھ) عربی قواعد کے اعتبار سے درست نہیں ہے، ’’مرحه‘‘ (میم کے زیر اور آخر میں گول تاء کے ساتھ، جو وقف میں ہاء پڑھی جاتی ہے)  تکبر کے معنیٰ میں بھی آتا ہے اور اناج کے معنیٰ میں بھی آتا ہے؛ لہٰذا غلط معنیٰ کا احتمال ہونے کی وجہ سے یہ نام رکھنا درست نہیں ہے۔

  "مَرَ حا" (میم اور را پر زبر  اور آخر میں الف کے ساتھ )  کا مطلب ہے" تکبر کرنا"۔ اس معنی کے اعتبار سے بھی یہ نام رکھنا درست نہیں ہے۔

 "مَرْحیٰ" (میم پر زبر اور را ساکن)  عربی میں یہ لفظ دو صیغے بن سکتاہے:

1- ’’مَرْحٰی‘‘ (میم کے فتحہ اور ح کے کھڑے زبر کے ساتھ ) ’’مَرِح‘‘  کی جمع ہے، مرح کا معنی (اترانے والا) یا (ہلکا) آتا ہے، یہ نام رکھنا بھی درست نہیں ہے۔

2- ’’مَرحیٰ‘‘ (میم کے فتحہ اور ح کے کھڑے زبر (الف مقصورہ   کے ساتھ)  تیر کے نشانے پر لگنے کی صورت میں شاباشی دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اسی طرح   خوشی سے جھومنا، اور چکی کا پاٹ بھی اس کے معنی ہیں، اس معنیٰ کے اعتبار سے یہ نام رکھنا جائز تو ہوگا، لیکن چوں کہ غلط معنیٰ کا وہم برقرار رہے گا؛ اس لیے نہ رکھنا بہتر ہے۔

ناموں کے سلسلے میں بہتر یہ ہے کہ  لڑکے  کا نام انبیاء کرام علیہم السلام یا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم  کے ناموں میں سے  کسی نام پر رکھا جائے، یا اچھا بامعنی عربی نام رکھا جائے۔ 

لڑکی کا نام رکھنا ہو تو صحابیات مکرمات رضی اللہ عنہن یا نیک خواتین کے نام پر یا اچھے معنیٰ والا عربی نام رکھا جائے۔ مزید راہ نمائی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر  موجود اسلامی نام کے حصہ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112200650

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں