بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہر جگہ موجود ہیں؟


سوال

نبی کریم صلّی اللّہ علیہ وسلّم ہر جگہ حاضر ناظر ہیں یا نہیں؟ کیوں کہ ہمیں جو بچپن سے پڑھایا جا رہا ہے کہ صرف اللّہ تعالٰی کی ذات ہر جگہ موجود ہے ہمارے کچھ دوست نبی کریم  صلّی اللّہ علیہ وسلّم کو بھی ہر جگہ موجود کہتے ہیں ۔ اس بارے رہنمائی فرمائیں۔

جواب

اہل ِ سنت والجماعت کا عقیدہ ہے کہ ہرجگہ موجود ،حاضرناظر  صرف اللہ تعالی کی ذات ہے،جو لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوہرجگہ موجود، حاضرناظرسمجھتے ہیں ان کا یہ عقیدہ درست نہیں ہے۔کیوں کہ  حاضر کے معنی ہیں موجود اور ناظر کے معنی ہیں دیکھنے والا، جب دونوں کو ملاکر استعمال کیا جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے ”ایسی ہستی جو پوری کائنات کو  بایں طور دیکھ رہی ہے کہ کائنات کا کوئی ذرہ اس کی نگاہ سے پوشیدہ نہیں“، تمام اہل سنت والجماعت کا عقیدہ یہ ہے کہ حاضر وناظر کا مذکورہ بالا مفہوم صرف اللہ جل جلالہ کی ذات پاک پر صادق آتا ہے دوسری ہستی کے لیے ثابت کرنا غلط ہے،

فتاویٰ محمودیہ میں لکھا ہے کہ:

"حاضر کا ترجمہ ’’ہر جگہ موجود‘‘ اور ناظر کا ترجمہ ’’ہر ایک کو دیکھنے والا‘‘ اس معنیٰ کے اعتبار سے یہ اللہ تعالیٰ کی صفتِ مختصہ ہے، یعنی کوئی چیز اس سے مخفی نہیں، وہ سب کو دیکھتا اور جانتا ہے۔"

(فتاویٰ محمودیہ ،باب العقائد،،مایتعلق بالحاضروالناظر،1/ 511و512ط:ط            :دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی )

فتاویٰ محمودیہ میں ہی ایک دوسرے مقام پر لکھا ہے کہ:

’’اہلِ سنت و الجماعت کا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر جگہ موجود ہے، ہر صغیر و کبیر کا عالم ہے، کوئی ذرہ اس سے مخفی نہیں، نصوصِ صریحہ اور قطعیہ سے اس کا ثبوت ہے ۔۔۔ مگر اللہ تعالیٰ کے لیے دوسری اشیاء کی طرح کوئی مخصوص مکان محیط نہیں، کیوں کہ وہ مکانی نہیں، بلکہ واجب اور قدیم ہے اور مکان و زمان وغیرہ حادث اور اس کی پیدا کی ہوئی ہیں، پھر کوئی مکان وغیرہ کیسے محیط ہو سکتا ہے؟ ۔۔۔ اور بعض نصوص میں جو خاص مکان کی طرف اشارہ ہے تو وہاں یہ مراد نہیں کہ وہ مکان اللہ تعالیٰ کو محیط ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ کی صفت علم یا کسی دوسری صفت کا خاص غلبہ اس جگہ مراد ہے۔‘‘

(فتاویٰ محمودیہ ،باب العقائد،مایتعلق باللہ تعالیٰ وصفاتہ،1/ 245              ط            :دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی)

مولانا عبدالحئی لکھنوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"اعتقاد اینکہ کسےغیرحق سبحانہ حاضروناظروعالم خفی وجلی درہروقت وہرآن  است ،اعتقادشرک است۔"

(مجمو عۃ الفتاویٰ علی ہامش خلاصۃ الفتاویٰ،4/ 331 ط:امجداکیڈیمی)

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144405101942

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں