بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

کرسی کے پائے صف میں کہاں رکھے جائیں؟


سوال

جوآدمی کرسی پر نماز پڑھتاہے جماعت کے ساتھ وہ اپنی کرسی کہاں رکھے، اگلے پائے صف کے کنارے پر ہوں یا پچھلے پائے۔  وضاحت فرمائیں؟

جواب

واضح رہے کہ جو شخص بیماری کی وجہ سے کھڑے ہونے پر قادر نہیں، یا کھڑے ہونے پر قادر ہے، لیکن زمین پر بیٹھ کر سجدہ کرنے پر قادر نہیں ہے، یا قیام و سجود کے ساتھ نماز پڑھنے کی صورت میں بیماری میں اضافہ یا شفا ہونے میں تاخیر یا ناقابلِ برداشت درد کا غالب گمان ہو تو ان صورتوں میں کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے، البتہ کسی قابلِ برداشت معمولی درد یا کسی موہوم تکلیف کی وجہ سے فرض نماز میں قیام کو ترک کردینا اور کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں۔

اسی طرح جو شخص فرض نماز میں مکمل قیام پر تو قادر نہیں، لیکن کچھ دیر کھڑا ہو سکتا ہے اور سجدہ بھی زمین پر کرسکتا ہے توایسے شخص کے لیے اُتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے، اگر چہ کسی چیز کا سہارا لے کر کھڑا ہونا پڑے، اس کے بعد بقیہ نماز زمین پر بیٹھ کر پڑھنا چاہیے۔

لہذا صورت مسئولہ میں جو لوگ شرعی  عذر  کی بنیاد  پر کرسی پر  بیٹھ کر نماز  پڑھتے ہیں  ان کے لیے  جماعت میں شرکت   کے وقت صف میں  کرسی رکھنے کا صحیح طریقہ  یہ ہے کہ کرسی اس طرح رکھی جائے کہ اس  کے پچھلے  پائے صف میں کھڑے   مقتدیوں کی ایڑیوں  کے برابر ہوں یا صف کی لکیر پر ہوں، تاکہ بیٹھنے کی صورت میں ان   کا کندھا  دیگرنمازیوں کے کندھے   کے برابر اور سیدھ میں ہو۔

الدرالمختار وحاشية ابن عابدين میں ہے:

"(قوله: بل تعذر السجود كاف) نقله في البحر عن البدائع وغيرها. وفي الذخيرة: رجل بحلقه خراج إن سجد سال وهو قادر على الركوع والقيام والقراءة يصلي قاعداً يومئ؛ ولو صلى قائماً بركوع وقعد وأومأ بالسجود أجزأه، والأول أفضل؛ لأن القيام والركوع لم يشرعا قربة بنفسهما، بل ليكونا وسيلتين إلى السجود".

(کتاب الصلاۃ، باب صلاة المريض، ج: 2، ص: 97، ط: ایچ، ایم، سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144407102390

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں