بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

وراثت میں پنشن کا حکم نیز پوتوں کی میراث


سوال

 اگر کسی شخص کے والد کا انتقال ہوا اور حکومت کی جانب سے اس کی جو پینشن ہے وہ صرف اس کی کنواری لڑکیوں کوملتی ہے ،تو شرعاً محض ان کے لیے اس کا استعمال درست ہے یا اس میں دیگر ورثاء کا بھی حصہ ہو گا ؟اور کیا یہ بھی میت کے ترکہ میں شمار ہوگا؟ اسی طرح جس شخص کی اولاد میں سے کسی ایک بیٹے کا والد سے پہلے انتقال ہوگیا ہو جب کہ وہ بیٹا خود بھی صاحبِ  اولاد ہو تو کیا باپ کی وفات کے بعد اس بیٹے کی اولاد کا وراثت میں حصہ ہوگا یا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ پنشن کی رقم حکومت یا کسی بھی ادارے  کی طرف سے عطیہ ہوتی ہے؛ لہذا پنشن کی رقم ادارہ جس کے نام پر جاری کرے اس کے لیے اس کا وصول کرنا اور اس کو اپنے استعمال میں لانا جائز ہے، اس میں وراثت جاری نہیں ہوگی، اگر مرحوم نے اپنی کنواری لڑکیوں  کو نامزد کیا تھا اور مذکورہ ادارے کا ضابطہ یہی ہے کہ ملازم کے نامزد کردہ کو پینشن دی جائے گی تو  اس کی کنواری لڑکیاں ہی  اس کی حق دار ہوں گی۔ اور یہ پنشن  اس کے ترکہ میں شمار نہیں ہوگی۔

امداد الفتاوی میں ہے:

’’چوں کہ  میراث مملوکہ اموال میں جاری ہوتی ہے اور یہ وظیفہ محض تبرع واحسانِ سرکار ہے، بدون قبضہ کے مملوک نہیں ہوتا، لہذا آئندہ جو وظیفہ ملے گا اس میں میراث جاری نہیں ہوگی، سرکار کو اختیار ہے جس طرح چاہیں تقسیم کردے‘‘۔

(4/343، کتاب الفرائض، عنوان: عدم جریان میراث در وظیفہ سرکاری تنخواہ، ط: دارالعلوم)

نیزاگر کسی شخص  کے انتقال کے وقت اس کا کوئی  دوسرا بیٹا موجود ہو تو   اس کے ترکہ میں سے پوتوں  کو کوئی حصہ نہیں ملے گا۔  اور اگر اس کے انتقال کے وقت اس کا کوئی بیٹا زندہ نہ ہو تو اس کے ترکہ میں پوتے وارث ہوں گے۔ 

’’وقد ذکر الإمام أبوبکر جصاص الرازي رحمه اللّٰه في أحکام القرآن، والعلامة العیني في عمدة القاري: الإجماع علی أن الحفید لایرث مع الابن‘‘.

(تکملة فتح الملهم،  ۲/۱۸، باب ألحقو الفرائض بأھلھا، مسئلۃ میراث الحفید عند وجود الابن)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208201284

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں