بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

22 شوال 1445ھ 01 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

کریہ دار سے ایڈوانس لی ہوئی رقم کا حکم


سوال

(1)  جب کوئی دوکان کرائے پر دی جاتی ہے تو کرائے دار سے کچھ پیسے لیے جاتے ہیں ؛ تا کہ اگر کوئی نقصان ہوتو پورا کیا جا سکے، اور اگر کوئی نقصان نہ ہو تو کرائے دار کو پیسے واپس کر دیے جاتے ہیں،  کیا یہ جائز ہے؟

(2) مکروہ تنزیہی کام کرنا گناہ ہے یا نہیں؟

جواب

(1) بصورتِ مسئولہ  مالک مکان کا  کر ایہ دار سے سیکورٹی کے طور پر (ایڈوانس)  رقم وصول کرناشرعاً جائز ہے، اور یہ رقم فی نفسہ مالک کے پاس امانت ہوتی ہے، البتہ چوں کہ عرفاً مالک مکان یا دکان کو  اس رقم کے استعمال کی اجازت ہوتی ہے؛ اس بنا پر  یہ رقم شرعاً مالک کے ذمے  قرض شمار  ہوگی، اور اس پر قرض والے اَحکام لاگو ہوں  گے۔

آپ کے مسائل اور ان کے حل (مولانا محمدیوسف لدھیانویؒ، الشہید:2000ء) میں ہے:

کرایہ دار سے ایڈوانس لی ہوئی رقم کا شرعی حکم

س… مالکِ مکان کا کرایہ دار سے ایڈوانس رقم لینا امانت ہے یا قرضہ ہے؟
ج… ہے تو امانت، لیکن اگر کرایہ دار کی طرف سے استعمال کی اجازت ہو  (جیسا کہ عرف یہی ہے) تو یہ قرضہ شمار ہوگا۔
س… مالکِ مکان ایک طرف کرایہ میں بھاری رقم لیتا ہے، پھر ایڈوانس کے نام کی رقم سے فائدہ اُٹھاتا ہے، پھر سال دو سال میں کرایہ میں اضافہ بھی کرتا ہے، تو کیا یہ صریح ظلم نہیں، اس مسئلے کا سرِ عام عدالت کے  واسطے سے، یا علمائے کرام کی تنبیہ کے ذریعے سے سدِ باب ضروری نہیں؟

ج… زَرِ ضمانت سے مقصد یہ ہے کہ کرایہ دار بسااوقات مکان کو نقصان پہنچادیتا ہے، بعض اوقات بجلی، گیس وغیرہ کے واجبات چھوڑ کر چلا جاتا ہے، جو مالکِ مکان کو ادا کرنے پڑتے ہیں، اس کے  لیے کرایہ دار سے زَرِ ضمانت رکھوایا جاتا ہے، ورنہ اگر پورا اعتماد ہو تو زَرِ ضمانت کی ضرورت نہ رہے۔"

( کرایہ دار سے ایڈوانس  لی ہوئی رقم کا شرعی حکم، ج:7، ص:167،  ط:مکتبہ لدھیانوی)

(2): مکروہ تنزیہی حلال کے قریب ہوتا ہے جس کا حکم یہ ہے کہ اس کا کرنا باعثِ عقاب نہیں ہے، تاہم نہ کرنے سے ثواب ملےگا۔

شرح التلويح على التوضيح  میں ہے:

"وبدونه مكروه كراهة التنزيه إن كان إلى الحل أقرب بمعنى أنه لا يعاقب فاعله لكن يثاب تاركه أدنى ثواب."

(تعريف اصول الفقه باعتبار الاضافة، ج:1، ص:17، ط:مكتبة صبيح بمصر)

فقط والله أعلم 


فتوی نمبر : 144207201464

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں