بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شعبان 1446ھ 08 فروری 2025 ء

دارالافتاء

 

کسی کی طرف سے عمرہ ادا کرنے کے لیے نیت و الفاظ کیا ہوں؟


سوال

1. ایک بزرگ خاتون جو کہ عمرے کے لیے جا رہی ہیں اور ان کے  عمرے کے اخراجات خاتون کے بھائی برداشت کر رہے ہیں  اور بھائی یہ چاہ رہے ہیں کہ   مرحومہ والدہ کی طرف سے ان کی یہ بہن عمرے کی ادائیگی کریں۔

خاتون کا سوال یہ ہے کہ عمرے کا احرام باندھنے کی نیت میں اپنی والدہ کی طرف سے کس طرح نیت کے الفاظ کہیں؟ بزرگ خاتون  بھی چاہتی  ہیں کہ ان کی والدہ جو  اپنی زندگی میں عمرہ کرنے کی بہت خواہش مند تھیں، مگر عمرہ نہ کر سکیں،  ان کی طرف سے صحیح و درست الفاظ کے ساتھ عمرے کی نیت کر لیں۔ 

2. خاتون بزرگ ہیں،  ان کو سنائی نہیں دیتا،  وہ آلہ  استعمال کرتی ہیں اورآلہ صرف کان کے سوراخ  کو کَوَر کرتا ہے،  خاتون بار بار وہ آلہ اتار کر مسح نہیں کر پاتی، کیوں کہ آلہ میں پانی  جانے کا اندیشہ ہے تو  اب وضو کس طرح کریں؟

جواب

1. صورتِ مسئولہ میں بزرگ خاتون کو چاہیے کہ   احرام باندھتے وقت اپنی  والدہ کی طرف سے احرام باندھنے کی نیت کریں  اس طرح کہ میں اپنی والدہ کی طرف سے عمرہ کی نیت کرتی ہوں اور میں تلبیہ بھی ان کی طرف سے پڑھتی ہوں، پھر پڑھیں"لَبَّيْكَ ‌اللهُمَّ لَبَّيْكَ. لَبَّيْكَ لَا شَرِيكَ لَكَ لَبَّيْكَ إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ لَا شَرِيكَ لَكَ"

2. وضو میں کا ن کا مسح کرنا مسنون ہے اور آلہ اتارنے میں تکلیف اور آلہ کے اندر پانی جانے کا اندیشہ ہوتو آلہ اتارے بغیر ہی کان کے جس قدر  حصے پر مسح ہوسکے کرلیں، سنت کا ثواب ان شاء اللہ مل جائے گا۔

البحر الرائق میں ہے:

"والأصل ‌فيه ‌أن ‌الإنسان ‌له أن يجعل ثواب عمله لغيره صلاة أو صوما أو صدقة أو قراءة قرآن أو ذكرا أو طوافا أو حجا أو عمرة أو غير ذلك عند أصحابنا للكتاب والسنة."

(كتاب الحج، ‌‌باب الحج عن الغير، ج:3، ص:63، ط: دار الكتاب الإسلامي)

بدائع الصنائع میں ہے:

"(ومنها) : ‌أن ‌يمسح ‌الأذنين ‌ظاهرهما، وباطنهما بماء الرأس."

(كتاب الطهارة، فصل آداب الوضوء، ج:1، ص:23، ط: دار الكتب العلمية)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144606102655

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں