بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا ٹیکس ادا کرنے سے زکوۃ ادا ہو جائے گی؟


سوال

سوال نمبر1: صاحب نصاب کے پاس سونا یا چاندی موجود ہے جس پر انکم ٹیکس ادا کیا جاتا ہے ۔کیا یہ انکم ٹیکس زکوۃ میں شمار کر کے  زکوٰۃ ادا متصور ہو گی یا انکم ٹیکس ادا کرنے کے بعد زکوٰۃ الگ سے ادا کی جائے گی؟؟؟

سوال نمبر2: صاحبِ نصاب عورت ہے جس کے پاس سونا چاندی زیورات کی صورت میں ہے اور ہاؤس وائف ہے شرعی اعتبار سے وہ سونے چاندی کی خود مالک ہے مگر معاشرتی اعتبار سے وہ اپنے خاوند یا سسرال کی اجازت کے بغیر ان زیورات میں تصرف (یعنی بیچنے ،تحفہ دینے، کسی کو مستعار دینے ، کم یا زیادہ کرنے) کا اختیار نہیں رکھتی ہے، کیا اس صورت میں زکوٰۃ ادا کرنے کا پابند شوہر بھی ہے یا صرف بیوی ہے۔

جواب

جواب نمبر 1:  زکاۃ عبادت ہے، اس کا ٹیکس سے کوئی تعلق نہیں، ٹیکس کوئی بھی حکومت اپنے اخراجات سامنے رکھ کر مخصوص قوانین کے مطابق عوام سے وصول کرتی ہے، لہذا اگر زکاۃ واجب ہو تو ٹیکس دینے سے زکاۃ ادا نہیں ہوگی، بلکہ اس کی ادائیگی علیحدہ سے کرنا ضروری ہے، اور زکاۃ کی ادائیگی صحیح ہونے کے لیے کسی مستحقِ زکاۃ شخص کو مالک بناکر دینا ضروری ہے، اس لیے ٹیکس کی مد میں کاٹی جانے والی رقم (اگرچہ وہ جائز مصارف مثلاً تعمیرات اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں وغیرہ میں خرچ ہورہی ہو، تب بھی اس رقم) کی ادائیگی کے وقت زکاۃ کی نیت سے دینے سے بھی زکاۃ ادا نہیں ہوگی۔

جواب نمبر 2: اگر کوئی عورت سونا چاندی وغیرہ کی مالکہ ہے تو شریعت نے اس کو اپنی املاک میں تصرف کرنے کا مکمل اختیار دیا ہے، اس وجہ سے اس پر زکوۃ بھی لازم ہو گی،  لیکن اگر وہ معاشرتی پابندیوں کی وجہ سے اس میں تصرف کرنے کی اہل نہیں تو اس وجہ سے اس سے وجوبِ زکوۃ کا حکم ساقط نہیں ہو گا اور ان  زیورات کی زکوۃ عورت پر ہی لازم ہو گی، لیکن عام طور پر  چونکہ خواتین گھروں کے کام کاج کرتی ہیں اور مرد باہر کام کاج کر کے پیسہ کماتے ہیں اس لئے اگر شوہر اپنی بیوی کی طرف سے زکوۃ ادا کر دے تو یہ ایک نیکی کا کام ہو گا اور باعثِ ثواب ہو گا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200644

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں