بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

27 شوال 1445ھ 06 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا شوہر کے کہنے پر موبائل میں تصویر لینا جائز ہے ؟


سوال

کیا شوہر کے کہنے پر موبائل میں  تصویر لینا جائز ہے ؟

جواب

جاندار کی تصویر کھینچناشرعاً حرام ہے اور بیوی پر شوہر کی حرام امور میں اطاعت ناجائز ہے ،لہذا سائلہ کے لیے شوہر کے کہنے پر موبائل میں  تصویر بنوانا  یا جاندار کی تصویر بنانا  ناجائز ہے۔

حدیث میں ہے:

"قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: لا طاعة لمخلوق في معصية الخالق."

"آپﷺنے فرمایا : کسی مخلوق کی اطاعت نہیں ایسے کام میں جس میں خالق کی نافرمانی لازم آئے۔"             

(مصنف ابن ابی شیبہ،كتاب السير،في إمام السرية يأمرهم بالمعصية من قال: لا طاعة له، ج6،ص545،رقم:33717،ط:دار التاج)

صحیح البخاری میں ہے:

"عن ابن عباس، عن أبي طلحة رضي الله عنهم قال:قال النبي صلى الله عليه وسلم: (لا تدخل الملائكة ‌بيتا ‌فيه ‌كلب و لا تصاوير)."

ترجمہ:"حضرت طلحہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس گھر میں کتا اور تصاویر ہوں وہاں فرشتے داخل نہیں ہوتے ۔"(ترجمہ از مظاہر حق)

(کتاب اللباس، باب التصاویر، ج:5، ص:2220، رقم :5605، ط: دار ابن کثیر)

مشکوۃ المصابیح میں ہے :

"وعن عبد الله بن مسعود قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «أشد الناس عذابا عند الله المصورون."

ترجمہ:"عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ تعالی کے ہاں جن کو سب سے سخت عذاب دیا جائے گا وہ تصویر بنانے والے ہیں ۔"(ترجمہ از مظاہر حق)

(کتاب اللباس، باب التصاویر، ج:2، ص:1273،ط:المکتب الاسلامی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144504100607

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں