پب جی کھیلنے سے انسان دائرہ اسلام سے خارج ہوتا ہے یا نہیں ؟
معتبر ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق پب جی (PUBG) گیم کئی طرح کے شرعی و دیگر مفاسد (مثلاً وقت کے ضیاع پر، اور گیم کھیلنے میں اتنا انہماک ہونا کہ عبادات کا خیال ہی نہ رہے، اور ذہن کا منفی ہوکر عملی زندگی میں ان خیالات کے تقاضوں پر عمل پیرا ہونا، نیز اس کے کھیلنے میں دینی یا دنیوی فائدہ (مثلاً جسمانی ورزش وغیرہ) کا نہ ہونا، جب کہ اس میں مزید شرعی قباحت یہ بھی ہے کہ یہ جان دار کی تصاویر اور موسیقی وغیرہ) پر مشتمل ہوتا ہے، لہذا پپ جی اور اس جیسے دیگر گیم کھیلنا جو اس طرح کے ممنوعات پر مشتمل ہو، شرعاً جائز نہیں ہے۔
نیز معلومات کے مطابق کچھ عرصہ قبل اس گیم کے بنانے والوں نے اس گیم کے ایک Sanhok نامی نقشے (map) میں ایک نیا موڈ متعارف کرایا جس کا نام ‘‘Mysterious Jungle mode’’ـ تھا، جس میں صحت اور اسلحہ حاصل کرنے کے لیے ایک آپشن بتوں کی عبادت کرنا بھی تھا۔ یعنی جس طرح پاور حاصل کرنے کے لیے انرجی ڈرنک، میڈیکل کٹس وغیرہ گیم میں موجود ہیں، اسی طرح 'سانہاک' کے اس خاص موڈ میں بتوں کی تعظیم بھی پاور حاصل کرنے کا ایک طریقہ تھا، البتہ یہ لازمی نہیں تھا، یعنی اگر کھلاڑی اس سے پاور حاصل نہ کرے تو بھی وہ گیم کھیل سکتا تھا، اگرچہ یہ ممکن ہے کہ ا س سے اس کی کارکردگی میں فرق آئے، البتہاس اَپ ڈیٹ پر بہت سے مسلمانوں کی طرف سے اعتراض اور اس گیم کے بائیکاٹ کرنے کے نتیجے میں چند دنوں بعد ہی اس گیم سے ہٹا دیا گیا تھا۔
اور اس طرح گیم کھیلنے والے شخص کا گیم میں موجود اپنے کھلاڑی کو پاور حاصل کرنے کے لیے بتوں کے سامنے جھکانا اور بتوں کی پوجا کروانا از روئے شرع اس کا اپنا فعل ہے، گیم میں نظر آنے والا کھلاڑی اسی گیم کھیلنے والے کا عکاس اور ترجمان ہے، اور مسلمان کا توحید کا عقیدہ ہوتے ہوئے بتوں کے سامنے جھکنا شرک فی الاعمال ہے، اور پب جی گیم میں بتوں کے سامنے جھک کر پاور حاصل کرنا شرک ہے، اور عمدًا اس کو کرنے والا دائرۂ اسلام سے خارج ہوجائے گا، ایسے شخص پر تجدیدِ ایمان اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں تجدیدِ نکاح بھی کرنا ضروری ہے۔ تاہم دائرہ اسلام سے خارج ہونے اور تجدید نکاح کا حکم اس وقت ہے جب مذکورہ گیم میں مذکورہ آپشن ہو اور اس طرح کوئی شخص پاور حاصل کرنے کے لیے اپنے کھلاڑی کو بت کے سامنے عمداً جھکاتاہے، یا اس طرح کا آپشن اس کے علاوہ کسی دوسرے گیم میں ہو، اگر کسی گیم میں اپنے کھلاڑی کو بت کے سامنے جھکانے کا آپشن نہ ہو (جیسے کہ اطلاعات کے مطابق مذکورہ آپشن پب جی گیم سے ختم کردیاگیاہے)، تب بھی اس کا کھیلنا کئی اور مفاسد (جن کا ذکر اوپر ہوچکاہے) پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ازروئے شرع جائز نہیں ہے۔
یاد رہے اگر اس طرح کا آپشن دوبارہ اس گیم میں آیا یا کسی دوسرے گیم میں پایاگیا تو مذکورہ آپشن پر عمداً عمل کرنے کی وجہ سے گیم کا کھیلنا نہ صرف گناہ ہوگا، بلکہ تجدیدِ ایمان اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں تجدید نکاح بھی کرنا ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144206201555
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن