بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا پان یا تمباکو وغیرہ منہ میں رکھ کر نماز یا تلاوت کر سکتے ہیں؟


سوال

کیا پان یا تمباکو وغیرہ منہ میں رکھ (کسی ایک طرف دبا کر )کر نماز یا تلاوت کر سکتے ہیں نیز اللہ کا ذکر وغیرہ کرنا کیسا ہے؟

جواب

پان ،تمباکو  یا کوئی بھی کھانے کی چیز منہ میں رکھ کر  نماز پڑھنا  جائز نہیں، اگرکوئی  ایسا کرے گا تو اس کی نماز نہیں ہوگی۔

منہ میں بدبو دار اَشیاء  (مثلاً نسوار وغیرہ)رکھ کر قرآنِ پاک کی تلاوت کرنے، اللہ تعالیٰ کا نام لینے اور درود شریف وغیرہ پڑھنے سے بے ادبی لازم آتی ہے، اس لیے بدبو دار اشیاء (نسوار وغیرہ ) منہ میں ہونے کی حالت میں زبان سے تلاوت کرنا، دعا میں اللہ کا نام لینا اور درود شریف وغیرہ پڑھنا مکروہ ہے، نیز اس میں فرشتوں کی ایذا بھی ہے،بلکہ  استعمال کے بعد بھی اگرچہ اس کے اجزاء منہ میں نہ ہوں، لیکن منہ میں بدبو محسوس  ہوتی ہو تو  بھی نماز، تلاوت اور ذکر کرنا مکروہ ہے، اس لیے  یہ چیزیں استعمال کرنے  کے بعد منہ صاف کرکے پھر نماز پڑھے،   تلاوت کرے، ذکرکرے۔   البتہ  بدبودار  چیزیں منہ میں ہوتے ہوئےزبان سے  تلفظ  کیے بغیر دل ہی  دل میں تلاوت اور  ذکر   کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے،  لیکن زیادہ اچھا یہ ہے کہ منہ دھو کر زبان سے ہی ذکر و تلاوت کی جائے۔

تاہم پان منہ میں ہوتے ہو ئے چوں کہ بدبو نہیں ہوتی؛ اس لیے  اس حالت  میں تلاوت اور  اَذکار کرنا جائز ہے،لیکن اَدب کے خلاف ضرور ہے ۔

النہر الفائق میں ہے:

"(و) يفسدها أيضًا (أكله وشربه) ولو ناسيًا لأن كل واحد منهما عمل كثير."

(النهر الفائق: كتاب الصلاة، باب  ما يفسد الصلاة (1/ 273)،ط. دار الكتب العلمية، الطبعة: الأولى، 1422هـ - 2002م)

فتاوی شامی میں ہے:

"و قال ط: ويؤخذ منه كراهة التحريم في المسجد للنهي الوارد في الثوم والبصل وهو ملحق بهما، والظاهر كراهة تعاطيه حال القراءة لما فيه من الإخلال بتعظيم كتاب الله تعالى اهـ."

(حاشية ابن عابدين على الدر المختار، كتاب  الأشربة (6/ 461)،ط. سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212202124

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں