بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

کیاکمیٹی والے متولی کو مسجد کی رقم جو اس نے خرچ کی ہے معاف کرسکتے ہیں؟


سوال

آپ کے دارالافتاء  کے فتوی نمبر144311101647 کی روسے مسجد ومدرسہ  کا متولی اگر  مسجد ومدرسہ کی کسی متعین خدمت میں مصروف ہو اور اس کی خدمت کے بدلے کمیٹی والے کوئی مشاہرہ طے کریں تو متولی کے لیے اس کالیناجائز ہے،لیکن جومشاہرہ متولی نے کمیٹی نہ ہونے کی بناء پر خود سے لیا ہےتو اس کالوٹاناواجب ہے،اب مسئلہ یہ ہے کہ متولی نے تو واقعی بہت خدمت کی تھی اور کمیٹی نہ ہونے کی بناء پر خود سے تنخواہ بھی لی تھی ،کیوں  کہ اس کویہ معلوم نہیں تھاکہ خود سے تنخواہ لیناجائز نہیں،اب وہ تنگ دست ہے ، اس کے لیے اُن سابقہ  تنخواہوں کولوٹانا انتہائی مشکل ہے، اب کمیٹی والے چاہتے ہیں کہ اس کو اُن سابقہ تنخواہوں سے بری کردے ،تو کیااس کی کوئی جائز صورت ہے؟کیاایسا ہوسکتاہے کہ متولی  کسی سے قرض لے کر سابقہ تنخواہوں کی رقم لوٹادیں،اور پھر کمیٹی والے اس کویہ رقم  دوبارہ واپس کردیں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں  کمیٹی والوں  کو اس بات کااختیار نہیں کہ وہ متولی کو سابقہ  تنخواہوں کی رقم سے بری کردیں اور نہ ہی اس بات کا اختیار ہے کہ اُس سے وہ رقم لینے کے بعد اس کو واپس کردیں ، اگر کمیٹی والے متولی کے ساتھ تعاون کرناچاہتےہیں تومسجد کے پیسوں کے بجائے اپنی ذاتی پیسوں سے اُن کے ساتھ تعاون کریں۔

فتاوٰی شامی میں ہے:

"(فإذا تم ولزم لا يملك ولا يملك ولا يعار ولا يرهن)."

(كتاب الوقف، 351،352/4، ط: سعید)

فتاوٰی ہندیہ میں ہے:

"أكار أكل من مال الوقف فصالحه المتولي على شيء إن وجد المتولي بينة على ما ادعى أو كان الأكار مقرا لا يملك المتولي أن يحط شيئا منه ."

(كتاب الوقف، الباب الخامس في ولاية الوقف وتصرف القيم في الأوقاف، 425/2 ، رشيدية)

فتاوٰ ی محمودیہ  میں ہے:

"جو روپیہ مسلمانوں نے چندہ میں دیاہے ، یہ روپیہ امانت ہے، اپنے ذاتی مصارف میں اس کوخرچ کرناجائز نہیں۔"

(بقیۃ کتاب الوقف، باب  مایتعلق بالمدارس، 507/15، ط: ادارہ الفاروق)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144401100157

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں