بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا بحری جانور اسکوئیڈ(Squid) حلال ہے؟


سوال

کیا "اسکوئیڈ" مچھلی کی قسم ہے؟ اور اس کا کھاناحلال ہے یا حرام؟فرق کے ساتھ وضاحت  مطلوب ہے۔


جواب

اسکوئیڈ (Squid)جسے اردو میں "قیرماہی "کہا جاتاہے،یہ درحقیقت مچھلی نہیں ہے،بلکہ اس کا تعلق " فائیلم مولاسکس سیفالوپوڈ  "("Phylum mollusks Cephalopod")  سے ہے،"فائیلم"(phylum) حیوانات اور نباتا ت کی قسم بندی کی وہ سب سے بڑی جنس ہے جس کے تحت متعلقہ طبقات کو درج کیا جاتا ہے،   "مولاسکس(mollusks)" کا مطلب ہے،"خول والےنرم اور پلپلے  جانور"،اور "سیفالوپوڈ(Cephalopod)" کا مطلب ہے"   سر پایہ" (یعنی سر پر پاؤں رکھنے والے جانور )یعنی اسکوئیڈ پلپلے اور خول رکھنے والے  ان بحری جانوروں کی قسم سے ہے جو   سر پایہ  ہوتے ہیں ،یعنی اس جنس کےجانوروں کے لمبے بازو یا پیر ان کےسر کے گِرد ہوتے ہیں،جیسے،گھونگے،آکٹوپس، اسکوئیڈ وغیرہ،اسکوئیڈ شکاری جانور ہے،جس کا شمار"Carnivore"یعنی  گوشت خور جانوروں میں ہوتاہے،اور یہ  مچھلیوں، کیکڑوں اور جھینگوں وغیرہ  کاشکار کرتا ہے ۔

اس تفصیل سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اسکوئیڈ اور مچھلی کے درمیان بنیادی فرق جنسی اعتبار سے بھی ہے اور جسمانی اعتبار سے بھی  ہے،چناں چہ مچھلی کا تعلق"فائیلم کورڈیٹا"( phylum Chordata)سے ہے،جو فقاری"vertebrates"(یعنی ریڑھ کی ہڈی اور ہڈیاں رکھنےوالے)جانور ہوتے ہیں ، جب کہ اسکوئیڈ کا شمار ماہرین ِحیوانات کے نزدیک " فائیلم مولاسکس سیفالوپوڈ"(phylum mollusks Cephalopod)سے ہے،جوغیر فقاری "Invertebrates"(ریڑھ کی ہڈی اور ہڈیاں نہ رکھنےوالے)جانور ہوتے ہیں ۔

اور جسمانی ساخت کے اعتبار سے اسکوئیڈ کے بازو اس کے سر سے جڑے ہوتے ہیں ،جب کہ مچھلی کی  اس قسم کی ساخت نہیں ہوتی؛لہٰذا ماہرین کے نزدیک  مچھلی ہونے کی خصوصیات نہ پاۓ جانے  اور مچھلی کی کسی بھی قسم میں داخل نہ ہونے کی وجہ سے اسکوئیڈ مچھلی نہیں ہے اور شرعاًاس کا کھاناحلال نہیں ہے۔

بدائع الصنائع میں ہے:

"ونحوها لا يحل أكله... لأنها من الخبائث لاستبعاد ‌الطباع ‌السليمة إياها وقد قال الله تبارك وتعالى {ويحرم عليهم الخبائث} [الأعراف: 157]."

(كتاب الذبائح والصيود، ج:5، ص:36، ط:دار الكتب العلمية)

الفقہ الإسلامی وأدلتہ میں ہے:

"مذهب الحنفية : جميع مافي الماء من الحيوان محرم الأكل إلا السمك خاصة، فإنه يحل أكله بدون ذكاة إلا الطافي منه، فإن مات وطفا على الماء لم يؤكل. وأدلتهم كثيرة منها قوله تعالى: {حرمت عليكم الميتة} [المائدة:3/ 5] وقوله {‌ويحرم ‌عليهم ‌الخبائث} [الأعراف:157/ 7] وما سوى السمك: من الضفادع والسرطان والحية ونحوها: من الخبائث."

(‌‌الباب التاسع: الذبائح والصيد، ‌‌الفصل الأول: الذبائح، ‌‌المبحث الرابع ـ الحيوان الذبيح، ‌‌النوع الأول ـ الحيوان المائي، ج:4، ص:2791، ط:دارالفكر)

موسوعۃ صناعۃ الحلال میں ہے:

"قال الإمام النووي في (شرح مسلم 13/ 86، ط. دار إحياء التراث العربي): «وقد أجمع المسلمون على إباحة السمك» اهـ.

وقال الحافظ ابن حجر في (فتح الباري 9/ 619، ط. دار المعرفة): «لا خلاف بين العلماء في حل السمك على اختلاف أنواعه» اهـ.

فكل ‌ما ‌كان ‌من ‌جنس ‌السمك لغة وعرفا فهو حلال عند الحنفية بلا خلاف في ذلك."

(‌‌أكل الحيوانات البحرية القشرية، ج:1، ص:185، ط:إدارة الإفتاء بوزاة الأوقاف والشئون الإسلامية بدولة الكويت)

معجم اللغۃ العربیۃ المعاصرۃ میں ہے:

"‌سِيبيا [جمع]: (حن) جنس حيوان من الرخويّات، منه أنواع تعيش في شواطئ البحار المعتدلة الحرارة، يُتَّخذ غذاءً، يُسمى (الحبّار) بالعاميَّة."

(س ي ب ي ا، ج:2، ص:1145، ط:عالم الكتب)

"A-Z ANIMALS"ویب سائٹ (جو عالمی سطح پر جانوروں کے حوالے سے تحقیقی مواد  پیش کرنے والی ویب سائٹ ہے،)اس  پر اسکویڈ کے  مچھلی ہونے کی نفی کی گئی ہے،ملاحظہ ہو: 

"Is squid a fish?

No, a squid is not a fish. Fish are members of the phylum Chordata, which contains vertebrate animals. They have spinal cords and bones. Squid are members of the phylum Mollusca, which contains invertebrate animals. They do not have spinal cords or bones. Squids are cephalopods,which means that have their arms attached to their heads. Fish don’t have this type of construction۔"

ترجمہ:"کیا اسکویڈ مچھلی ہے؟

نہیں، اسکویڈ مچھلی نہیں ہے، مچھلی کا تعلق " فائیلم کورڈاٹا" جنس سے ہے، جس میں قِشری جانور ہوتے ہیں،جن کی ریڑھ کی ہڈی  ہوتی ہے، جب کہ اسکویڈ" فائیلم مولاسکا"  کی جنس سے  ہے، جس میں غیر فقاری جانور ہوتے ہیں،یعنی  ان کی ریڑھ کی ہڈی نہیں ہوتی، اسکوئڈ" سیفالوپوڈز" ہیں، جس کا مطلب  یہ ہے کہ ان کے بازو اپنے سروں سے جڑے ہوتے ہیں اور مچھلی کی بناوٹ اس قسم کی  نہیں ہوتی۔"

انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا میں ہے:

"SQUID, the popular name given to a large number of cephalopod molluscs..."

(SQUID, page:270, volume: 21, publisher: wiiliam benton)

ترجمہ:"SQUID، سیفالوپوڈ مولسکس کی ایک بڑی تعداد کو دیا جانے والا مشہور نام۔"

مذکورہ کتاب میں سیفالوپوڈکا تعارف درج ذیل الفاظ میں کیا گیا ہے:

"CEPHALOPODA: a group of highly organized invertebrate animals of exclusively marine distribution constituting a class of phylum mollusca. some 150 genera of living Cephalopods are known, of which the octopus, the squid and the cuttlefish are the most familiar representatives."

(CEPHALOPODA,page:148, volume: 5, publisher: wiiliam benton)

ترجمہ:"سیفالوپوڈا:  بحری غیر فقاری جانوروں   کا انتہائی منظم  گروپ ہے ،جو فائیلم مولوسکا کی ایک قسم پر مشتمل ہے، زندہ Cephalopods کی تقریباً 150 نسلیں معلوم ہیں، جن میں سے آکٹوپس، اسکویڈ اور کٹل فش سب سے زیادہ مشہور ہیں۔"

مچھلی کی تعریف اس طرح کی گئی ہے کہ:

"FISH: class of vertebrateanimals which lives exclusively in water, breathes through gills, and whose limbs take the form of fins."

(FISHpage:289, volume:9, publisher: wiiliam benton)

ترجمہ:"مچھلی: فقاری جانوروں کی وہ قسم  جو صرف پانی میں رہتی ہے، گلپھڑوں کے ذریعے سانس لیتی ہے، اور ان کے بازو پنکھوں کی شکل  پر مشتمل ہوتے ہیں۔"

اسکوئیڈ کے بارے میں مزید معلومات کے لیے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ فرمائیں:

https://www.nationalgeographic.com/animals/invertebrates/facts/squids

https://a-z-animals.com/animals/squid

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144508100204

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں