بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا اللہ تعالیٰ دوسرا خدا کرنے پر قادر ہیں؟


سوال

ایک یہودی نے صحابہ کرام سے سوال کیا کہ قرآن مجید میں ہے: ان اللہ علی کل شئ قدیر، تو کیا اللہ تعالیٰ اپنے جیسا دوسرا خدا بنا سکتے ہیں؟ تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اس کا جواب نہیں دے سکے،اس پرحضرت علی رضی اللہ عنہ نے اس کا جواب دیا کہ ہاں کر سکتا ہے ،لیکن اللہ پھر بھی خالق رہے گا اور دوسرا خدا مخلوق ہو گا، کیا یہ درست ہے؟

جواب

سوال میں مذکورہ واقعہ کی سند تلاشِ بسیار کے بعد بھی معلوم نہیں ہوسکی،تاہم اگر واقعۃً کوئی یہ اعتراض کرے تو اس اعتراض کا یہ جواب بجا ہے،کہ اللہ تعالیٰ تو جو چاہیں،جیسا چاہیں پیدا کرنے پر قادر ہیں،لیکن کسی اور ذات میں معبود اور خدا بننے کی صلاحیت ہی نہیں ہے،کیوں کہ خدا وہ ہوتا ہےجو کسی کا محتاج نہیں ہو،اور جب وہ دوسری ذات اپنی تخلیق میں اللہ تعالیٰ کی محتاج ہوئی تو اس کا خدا بننا کیسے ممکن ہوسکتاہے؟،لیکن چوں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کےحوالے سےاس خاص واقعہ کا پیش آنا معلوم نہ ہوسکااس لیے اس واقعہ کو حضرت کی طرف منسوب کرکے بیان نہ کیا جائے۔

"متن العقیدۃ الطحاوية"میں ہے:

"ذلك بأنه على كل شيء قدير، وكل شيء إليه فقير، وكل أمر عليه يسير، لا يحتاج إلى شيء، ليس كمثله شيء وهو السميع البصير."

(ص:١٠،ط:دار ابن حزم)

"تفسیر الطبری"میں ہے:

"(يَخْلُقُ اللَّهُ مَا يَشَاءُ) يقول: يحدث الله ما يشاء من الخلق (إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ) يقول: إن الله على إحداث ذلك وخلقه، وخلق ما يشاء من الأشياء غيره، ذو قدرة لا يتعذّر عليه شيء أراد."

(ص:٢٠٤،ج:١٩،سورۃ النور،الآیة:٤٥،ط:دار التربية والتراث)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144412101514

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں