بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ایک اعتراض کا جواب: كيا الله اپنے جيسا خدا بنانے پر قادر ہے؟


سوال

کسی شیعہ نے سوال کیا کہ تم لوگ کہتے ہو کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔ اچھا تو یہ بتاؤ کیا اللہ تعالیٰ اپنے جیسا ایک خدا بنا سکتا ہے ؟ اگر تم لوگ بولو گے ہاں بنا سکتا ہے تو شرک لازم آئے گا اگر نہیں بولو گے تو اللہ تعالیٰ کا ہر چیز پر قادر ہونا یہ غلط ہونا لازم آئے گا تو اس کا جواب کیا ہے ؟

جواب

واضح رہے کہ اللہ تعالی کی قدرت کا تعلق ممکنات(وہ چیزیں جن کا وجود یا عدم دونوں متصور ہوں) کے ساتھ ہے، واجبات (وہ چیزیں جن کا ہونا یقینی ہو اور عدمِ وجود متصور نہ ہو) یا محالات (وہ چیزیں جن کا وجود متصور نہ ہو) کے ساتھ نہیں، جبکہ شریکِ باری تعالیٰ کا وجود محالات میں سے ہے، لہذا مذکورہ اعتراض غیر معقول اور بےبنیاد ہے۔

حضرت مولاناادریس کاندھلوی ؒ ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں:

’’ حق تعالیٰ کا وجود واجب اور ضروری ہے اور عدم اس کا محال اور ممتنع ہے اور قدرت کا تعلق محالات کے ساتھ ایجاداً (یعنی قدرت اس محال کو موجود کر دے ) ہو سکتا ہے اور نہ اعداماً (یعنی قدرت اس محال کو معدوم کر دے ) اس لئے کہ محال اس کو کہتے ہیں کہ جس کا عدم حتمی اور لازم ہو اور اس کا وجود میں آنا ناممکن ہو۔ پس اگر قدرت کا محال کے ساتھ اعداماً تعلق ہو تو معدوم کا معدوم کرنا لازم آتا ہے جس سے کوئی فائدہ نہیں اور اگر ایجاد اس کے متعلق ہو تو محال کا موجود ہونا لازم آتا ہے اور کوئی شئے وجود میں داخل ہونے کے بعد محال نہیں رہ سکتی۔ اور علی ہذا قدرت کا تعلق واجبات کے ساتھ نہ ایجاداً ہو سکتا ہے نہ اعداماً۔ ایجاداً تو اس وجہ سے نہیں ہو سکتا کہ موجود کرنا سراسر تحصیل حاصل ہے اور اعداماً اس وجہ سے نہیں ہو سکتا کہ واجب یعنی جس کا وجود ضروری اور حتمی تھا اس کا معدوم کرنا لازم آتا ہے۔ اور معدوم ہونے کے بعد وہ شئے واجب نہیں رہ سکتی۔‘‘

(علم الکلام، ص:84،بحث:قدرت، ط:زمزم)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

’’ممکنات پر قادر ہونا صفت ِ کمال ہے اور عاجز ہونا نقص ہے، جس سے اللہ تعالی پاک ہے، محالات سے پاک ہونا صفتِ کمال ہے اور محالات سے متصف ہونا نقص ہے، جس سے اللہ تعالی پاک ہے، فقط واللہ اعلم ۔‘‘

(مایتعلق باللہ وصفاتہ، ج:1 ص: 264، ط:الفاروق)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144507100088

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں