بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا احمد رضا خان صاحب مسلمان ہیں؟


سوال

کیا احمد رضا خان صاحب بریلی والے کافر ہیں یا مسلمان؟

جواب

جولوگ دنیاسے چلے گئے ہیں ان کے اعمال وعقائد کے بارے میں تحقیق وتمحیص مناسب نہیں ہے اور نہ اس قسم کا بحث مباحثہ ایمان وعقائد کا جز ہے نہ کسی سے قبریاقیامت میں کسی آدمی کے اعمال وعقائد کے بارے میں دریافت کیاجائے گا بلکہ ہرآدمی سے اپنے ایمان وعقائد کے بارے میں دریافت کیاجائے گا جیساکہ سورۃ البقرۃ کی آیت نمبر 134 اور آیت نمبر141 میں ہے۔غرض کہ جولوگ دنیاسے چلے گئے ان کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے ان کے معاملے کے پیچھے پڑنا اسلامی تعلیم کے خلاف ہے۔سورہ طہ کی آیت نمبر51اور52میں یہی مضمون مذکورہے۔ حدیث شریف میں آتاہے: آدمی کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ لایعنی(فضول)چیزکوچھوڑدے۔لہٰذا ہرمسلمان کوچاہیے کہ لایعنی اور بے فائدہ چیز چھوڑدے اور ضروری کاموں میں مشغول رہے یعنی نیک عمل کرے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کااتباع کرے۔فقہاء کرام کا اس پراتفاق ہے کہ اگرکسی آدمی کے قول یافعل میں ننانوے فی صد احتمالات کفرکی طرف ہیں اور ایک فی صد ایمان کی طرف تواس کے کافراور دائرہ اسلام سے خارج ہونے کا فتویٰ نہیں دیاجائےگا۔بنابریں ہمارے اکابرنے کسی پرکفرکافتویٰ لگانے میں ہمیشہ احتیاط سے کام لیاہے اسی لیے باوجود شدیداختلافات اور یک طرفہ بے جا تشدد کے ہمارے اکابر نے مولانااحمدرضاخان بریلوی پرکفرکافتویٰ نہیں لگایا،نہ ہی ان کی کفرساز مہم میں شریک ہوئے۔ البتہ ان کے مفسد خیالات ونظریات کاعلمی ردفرماتے رہے ہیں. فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143604200042

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں