بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

خواب میں ہمبستری کی خواہش نہیں کرنی چاہیے


سوال

بہت سالوں سے مجھے نیند کی حالت میں احتلام ہوتا ہے، مگر کبھی کوئی خواب نہیں آیا،  مجھے جہاں تک یاد ہے آج تک میں نے نیند میں تین یا چار بار کسی عورت کے ساتھ ہم بستری کی ہے، آٹھ ، نو سال کی عمر سے میں بالغ ہوا ہوں، ابھی شادی بھی نہیں ہوئی، خواب نہ آنے کی وجہ سے دل میں غلط قسم کے خیالات آتے ہیں، میں ان سے بہت بچتا ہوں، "لاحول ولاقوۃ" پڑھتا ہوں، مجھے نیند میں احتلام ہوتا ہے اور مجھے پتہ بھی چلتا ہے کہ میں فارغ ہوا ہوں، مگر خواب نہیں آتے، میں بہت پریشان ہوں، میں اپنے آپ کو غلط کاموں سے بچانے کے لیے یہ چاہتا ہوں کہ مجھے نیند میں جب احتلام ہوتو تب میں خواب میں ہی ہم بستری کر لوں، تاکہ میری جنسی خواہش نیند میں ہی پوری ہوتی رہے، جب تک میری شادی نہیں ہوتی۔

جواب

سائل کے لیےخواب میں اپنے آپ کو کسی اجنبی عورت سے  ہم بستری کرتے دیکھنے کی خواہش نہیں کرنی چاہیے، سائل اگر اپنے آپ کو غلط کاموں سے روکنا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنی شادی کا انتظام کرے، اور جب تک شادی نہ ہوپائے تو نفلی روزے رکھے، بد نظری سے اجتناب کرے اور نمازوں میں اپنے لیے آسانی اور صبر کی دعا کرے۔

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"عن عبد الله بن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «يا ‌معشر ‌الشباب من استطاع منكم الباءة فليتزوج فإنه أغض للبصر وأحصن للفرج ومن لم يستطع فعليه بالصوم فإنه له وجاء»."

(كتاب النكاح، الفصل الأول، ج: 2، ص: 927، ط: المكتب الإسلامي)

ترجمہ:  ’’حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے  فرمایا: اے نوجوانوں کے گروہ! جو شخص تم میں سے جماع کے موجبات و لوازم یعنی مہر اور نان نفقہ کی طاقت رکھتا ہو پس اس کو نکاح کرنا چاہیے، کیوں کہ یہ نکاح اجنبی عورت پر نظر پڑنے سے نظر کو نیچا کرنے والا ہے۔ اور شرمگاہ کو محفوظ کرنے والا ہے، یعنی حرام کاری سے بچانے والا ہے اور جو شخص تم میں سے جماع کے موجبات و لوازم کی طاقت نہ رکھتا ہو، اس کو روزہ رکھنا چاہیے، پس روزہ اس کے لیے خصی کرنے کا فائدہ دے گا، یعنی جس طرح خصی کرنے سے جوشِ شہوت کم ہوجاتا ہے، اسی طرح یہ بھی شہوت کے جوش کو کم کرنے کا ذریعہ ہے۔‘‘ (مظاہرِ حق)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144407100166

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں