بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

خلع واقع ہونے کے بعد نکاح کا حکم


سوال

میری بیوی کسی بات پر ناراض ہوگئی تھی اوراس نے خداکی قسم کھائی تھی کہ وہ مجھ سے خلع لے گی پہلے تو میں اس کو بہت سمجھاتا رہاکہ تم قسم کاکفارہ دیدو، وہ کہنے لگی کہ تم اگرخلع کرلیتے ہوتوہم پھرشادی کرسکتے ہیں اس نے مجھ کو یہ گمان دیاکہ خلع کرکے میری قسم بھی پوری ہوجائے گی اورہم شادی بھی کرلیں گےلہٰذا تم جلدی سے خلع کے پیپر سائن کردو تواس نے خلع کے لیے اسلامی شریعہ کونسل لندن میں اپلائی کیا درخواست دائرکی توہم وہاں گئے اورمجھ سے وہاں کے شیخ صاحب نے پوچھاکہ آپ اپنی بیوی کو طلاق دیتے ہو؟ میں نے کہا کہ ہاں کیونکہ میں تواپنی بیوی کی اس بات پر تھا کہ ہم دوبارہ شادی کرلیں گے یہ خلع کرکےمیں توصرف اس کی قسم پوری کررہاتھا جیسا کہ اس نے بھی مجھے یہی کہاکہ قسم پوری کرنی ہے وہاں کے شیخ صاحب نے مجھ سے ایک طلاق کے الفاظ اداکروائے اورمیری بیوی سے اس کا مہرواپس کروایا اور میںنےتو یہاں تک کیاکہ میں تویہ چاہتاہی نہیں ہوں کیونکہ میں سمجھ رہاتھاکہ ہم اس کی قسم پوری کررہے ہیں میں دل سے اپنی بیوی کو طلاق دینا نہیں چاہتاہوں طلاق کے بعد شیخ صاحب نے کہاکہ آپ کی طلاق ہوگئی ۔مجھ کو یہ معلوم کرنا ہے کہ کیا میں اپنی بیوی سے رجوع کرسکتاہوں عدت کے دوران اورکیااب ہمیں دوبارہ نکاح کرنا ہوگا؟میں خدا کو گواہ بناکریہ کہتا ہوں کہ میں نے دل سے اس کو خلع نہیں دی تھی صرف اس کی قسم پوری کرنا چاپتاتھا، کیا اس طرح کرنے سے خلع یا طلاق ہوجاتی ہے؟مہربانی فرماکر میرے سوالوں کا جواب جلد عنایت فرمائیں میں بہت پریشان ہوں، ہماری چارسال کی ایک بیٹی بھی ہے۔

جواب

صورت مسئولہ میں مہرکی معافی کے بدلے جب سائل نے بیوی کوایک طلاق دیدی تو چونکہ یہ طلاق مال کے عوض ہے اس لیے ایک طلاق بائن واقع ہوگئی، دونوں کا نکاح ختم ہوچکا ہے اب رجوع جائز نہیں ہے، ہاں دونوں کی رضامندی سے نئے مہرکے ساتھ دوبارہ نکاح جائز ہے۔ شوہر آئندہ کے لیے دوطلاق کا حق رکھے گا اورعورت کی قمسم بھی پوری ہوگئی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143101200216

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں