بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

خلع کے لیے شوہر کی رضامندی لازمی ہے


سوال

میری بیوی ڈھائی سا ل سے  اپنے والدین کے گھر ناراض ہو کر بیٹھی ہے، میرے چار چھوٹے  بچے ہیں،اس دوران ان کی طرف سے ایک بار یہ پیغام آیا کہ اپنی بیوی کو لے جاؤ،لیکن میں نے اس وجہ سے انکار کردیا تھا کہ وہ خود لے گئے تھےتو واپس پہنچانا بھی ان ہی کی ذمہ داری تھی ،بعد ازاں مجھے احساس ہوا اور میں نے منانے کی بہت کو ششیں کیں لیکن سب بے سود رہیں۔اور ان کی طرف سے زبانی خلع کی  باتیں کی گئیں، میں نے کہا کہ ساری شرائط ماننے کو تیار ہوں، لیکن پھر بھی بات نہ بنی ،پھر میں نے بچوں کی تربیت کے  لیے دوسری شادی کی،اس کےبعد بھی میں نے ان کو راضی کرنے کی کوشش کی،  لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا،بالآخر انہوں نے عدالت میں خلع کا کیس دائر کیا  اور میرے اوپر الزامات لگائے اور  میرا پتہ بھی  غلط لکھوایا ، نہ میں عدالت میں حاضر ہوا اور نہ ہی مجھے عدالت کی طرف سے کوئی خبر ملی ،عدالت نے بیوی کے بیان پر اس کے حق میں زبانی  خلع کا فیصلہ سنادیالیکن ابھی تک عدالت نے  ڈگری جاری نہیں کی ہے ۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا عدالت کے اس فیصلے کی وجہ سے میرا نکاح ختم ہو گیا یا باقی ہے؟

جواب

صورت ِ مسئولہ میں چوں کہ ابھی  تک عدالت نے تحریری طور پر   ڈگری جاری نہیں کی ہے  ؛ لہذا  عدالتی ڈگری کے جاری ہونے  سے پہلے  اس کو  دیکھے بغیر کوئی شرعی رائے نہیں دی جاسکتی، البتہ  اصولی بات یہ ہے کہ خلع کے لیے میاں بیوی دونوں کی رضامندی ضروری ہے ،اس لیے شوہر کی رضامندی کے بغیر  خلع شرعًا معتبر نہیں ہوتا۔

بدائع الصنائع میں ہے:

"و أمّا ركنه فهو الإيجاب و القبول؛ لأنه عقد على الطلاق بعوض فلاتقع الفرْقة و لايستحَق العوض بدون القَبول."

(کتاب الطلاق،فصل فی الخلع:۳/۱۴۵،ط:دارالکتاب العربی)

المبسوط للسرخسی میں ہے:

"و أما ركنه فهو الإيجاب و القبول؛ لأنه عقد على الطلاق بعوض فلاتقع الفرقة و لايستحق العوض بدون القبول."

(باب الخلع:۶/۱۷۳،ط:دارلفکر)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144303100719

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں