بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

خلع کے بعد ساس کا سابقہ داماد سے پردہ کا حکم


سوال

بیٹی نے شوہر سے خلع لے لی ہے  اور والدین سے ناراض ہو کر ان کے گھر سےبھی چلی گئی ہے، اب سابقہ داماد کیا ہمارے ساتھ تعلق رکھ سکتا ہے،کیا خلع کے بعد سا س اس سےپردہ کرے گی، کیا نواسا اورداماد ساس کے گھر آ کے رہ سکتے ہیں؟

جواب

واضح رہے کہ ایک دفعہ کسی عورت سے نکاح ہوجانے کے بعد اس عورت کی والدہ،مرد پر ہمیشہ کے لیے حرام ہوجاتی ہے،چاہےعورت کی رخصتی ہوئی ہو یا نہ ہوئی ہو،اسی طرح مرد کا چاہے اس عورت سے نکاح باقی ہو یا نہ ہو،لہٰذا،صورتِ مسئولہ میں خلع کے بعد سابقہ داماد کا اپنی ساس اور سسر سےآنے،جانے،کھانے،پینے کی حد تک تعلق رکھنا درست ہے، اسی طرح ساس کے لیے دامادسےاندیشۂ فتنہ کے نہ ہوتےہوئے پردہ بھی لازم نہیں ہے،نواسا،اپنی نانی کے گھر آکر رہ سکتاہے، اسی طرح داماد بھی اگر فتنے کا خوف نہ ہوتو آکر رہ سکتا ہے۔

فتاویٰ شامی میں ہے:

"و حرم المصاهرة بنت زوجته الموطوءة وأم زوجته وجداتها مطلقا بمجرد العقد الصحيح وإن لم توطأالزوجة."

(ص:30،ج:3،کتاب النکاح،‌‌فصل في المحرمات،ط:سعید)

بدائع الصنائع میں ہے:

"وأما النوع الثاني فالمحرمات بالمصاهرة ...أم الزوجة وجداتها من قبل أبيها وأمها وإن علون فيحرم على الرجل أم زوجته ... سواء كان دخل بزوجته أو كان لم يدخل بها عند عامة العلماء."

(ص:258،ج:2،کتاب النکاح،فصل المحرمات بالمصاهرة،ط:دار الکتب العلمیة)

الجوہرۃ النیرۃ میں ہے:

"ولا بأم امرأته دخل بابنتها أو لم يدخل لقوله تعالى :وأمهات نسائكم، من غير قيد الدخول، وإنما يحرم بمجرد العقد إذا تزوجها تزويجا صحيحا أما إذا تزوجها تزويجا فاسدا فلا تحرم أمها إلا إذا اتصل به الدخول أو النظر إلى الفرج بشهوة أو اللمس بشهوة."

(ص:3،ج:2،کتاب النکاح،ط:الخيرية)

فتاویٰ محمودیہ میں ایک سوال کے جواب میں ہے:

"نکاح بالتوکیل صحیح ہے،اور نکاحِ صحیح  کے بعدزوجہ کی ماں حرام ہوجاتی ہے،چاہے خلوت سے پہلے طلاق دی ہو یا بعد میں۔"(٥٠/١١ ،باب النکاح الفاسد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144409101295

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں