اگر بھیگا ہوا خنزیر کپڑے کو لگ جاۓ تو کیا پورا کپڑا دھونا ہوگا یا فقط اس حصہ کو دھونا ضروری ہوگا جہاں غلاظت لگی ہوئی ہو؟
خنزیر نجس العین ہے، لہذا اگر اس کا جسم پانی یا کسی بھی چیز سے تر ہو اور کپڑے کو لگ جائے تو جہاں بھی اس کے جسم کا تر حصہ لگ جائے گا وہ جگہ ناپاک ہوجائے گی، اس کو دھونا ضروری ہوگا، پورے کپڑے کو دھونا ضروری نہیں ہے، لیکن اگر اس کا خشک جسم کپڑے سے ٹچ ہوجائے تو اس سے کپڑا ناپاک نہیں ہوگا، اس جگہ کو دھونا ضروری نہیں ہے۔
غنیۃ المستملی میں ہے:
"أما النجاسة الغليظة كالعذرة ولحم الخنزير وسائر اجزائه، هذه الأشياء نجاستها معلومة في الدين ضرورة لا خلاف فيه."
(فصل في الأنجاس، ص:146، ط:سيل اكيدمي)
فتاویٰ دار العلوم دیوبند میں ہے:
’’خنزیر کا بدن اگر خشک ہے، اور انسان کے کپڑے یا بدن سے مس کرے تو وہ ناپاک نہیں ہوتا، دھونے اور نہانے کی ضرورت نہیں ہے، اور اگر بدن خنزیر کا تر ہو اور کسی چیز کو لگ جاوے تو صرف اسی جگہ کو دھونا کافی ہے‘‘۔
(کتاب الطہارت، خنزیر کے بدن سے کپڑا چھو جائے تو ہو پاک ہے یا ناپاک؟، ج:1، ص:250، ط:دار الاشاعت)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144405101408
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن