بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

خانہ کعبہ کی تصویر کے سامنے ستر چھپانا


سوال

 گھر میں ایسی جگہ جہاں خانہ کعبہ کی تصویر لگی ہو، وہاں ستر کا ڈھانپنا ضروری ہے؟

جواب

واضح رہے کہ ستر کا ڈھانپنا ہر وقت ضروری ہے، ستر کا کھلا رکھنا  شریعت میں پسندیدہ نہیں، خواہ تنہائی میں ہو، اور اگر کسی کے سامنے اپنا ستر کھولنا جائز نہیں ہے؛ اس لیے کہ آدمی کے ساتھ ہر وقت (پاخانہ اور بیوی سے مجامعت کے اوقات کے علاوہ) فرشتے ہوتے ہیں جو ان کے اعمال لکھنے پر مامور ہوتے ہیں۔ مشکاۃ شریف میں ہے:

''حضرت ابن عمررضی اللہ عنہ  کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم برہنہ ہونے سے اجتناب کرو (اگرچہ تنہائی کیوں نہ ہو)؛ کیوں کہ پاخانہ اور اپنی بیوی سے مجامعت کے اوقات کے علاوہ تمہارے ساتھ ہر وقت وہ فرشتے ہوتے ہیں جو تمہارے اعمال لکھنے پر مامور ہیں؛ لہذا تم ان فرشتوں سے حیا کرو اور ان کی تعظیم کرو ( ترمذی)''۔

نیز مشکاۃ شریف کی دوسری روایت میں ہے:

'' حضرت بہز بن حکیم اپنے والد حضرت حکیم سے اور وہ بہز کے دادا (حضرت معاویہ بن حیدہ) سے روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم اپنا ستر چھپائے رکھو، علاوہ اپنی بیوی یا اپنی لونڈی کے (کہ ان کے سامنے اپنا ستر چھپانا ضروری نہیں ہے)۔ حضرت معاویہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! مجھے بتائیے کہ آدمی جب خلوت تنہائی میں ہو تو کیا وہاں بھی اپنا ستر چھپائے رکھے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ لائق تر ہے کہ اس سے شرم کی جائے''۔ (ترمذی، ابوداؤد، ابن ماجہ)''۔

لہذا بلا ضرورت کسی بھی جگہ اپنا ستر نہ کھولا جائے۔ باقی بوقتِ ضرورت (مثلاً: لباس تبدیل کرتے وقت یا بیوی سے مجامعت کرتے وقت) ایسی جگہ ستر کھولنا جائز ہے جہاں خانہ کعبہ کی تصویر لگی ہو یا اس کمرے میں مصحف موجود ہو۔

الفتاوى الهندية (43/ 57): 

"يجوز قربان المرأة في بيت فيه مصحف مستور، كذا في القنية."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144111201815

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں