بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کاروبار میں نفع کی شرعی حد


سوال

نفع کی حد مقرر ہے یا مناسب یا جتناہو جائزہے ؟جناب ایک بندہ شہد کا کاروبار کرتاہے ۔ شہد فی کلو 2100 روپے کے حساب سے لیتاہے اور پھر وہی شہد اسی حالت میں 3000 روپے فی کلو حساب سے بیچتاہے تو کیا اتنا بڑا نفع جائز ہے? قرآن وحدیث کی روشنی نفع کے بارےمیں جواب دیں ۔ شکریہ

جواب

اصولی طور پر کاروبار میں نفع کی حد مقرر نہیں،  دھوکا دیے بغیر  نفع کی کوئی حد وصول کرسکتا ہے، البتہ بازاری قیمت سے غیر معمولی زیادہ قیمت وصول کرنا مناسب نہیں۔

فتاوی رشیدیہ میں ہے:

’’سوال: نفع لینا شرع میں کہاں تک جائز ہے؟

جواب: نفع جہاں تک چاہے لے، لیکن کسی کو دھوکا نہ دے‘‘۔ 

(فتاوی رشیدیہ، جواز اور حرمت کے مسائل 555 ط: عالمی مجلس تحفظ اسلام)

واضح رہے کہ غذائی بحران کی صورت میں حکومت کی طرف سے غذائی اجناس کی قیمت یا نفع کی شرح مقرر کرنے کی گنجائش ہے، غذا کے علاوہ دیگر چیزوں کی قیمت، نیز جب غذائی بحران نہ ہو تو غذا سے متعلقہ اشیاء کی قیمت بائع اور مشتری کی باہمی رضامندی سے جو بھی طے ہوجائے جائز ہے، اس کی کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ البتہ جہاں کسی چیز کی شدید ضرورت ہو، اور بازار میں اس چیز کے نہ ہونے سے انسانی زندگی متاثر ہوتی ہو اور بیچنے والا اس کی متعارف قیمت سے بہت زیادہ وصول کرے یا اس چیز کی قیمتِ خرید کے نصف کے برابر یا اس سے زیادہ نفع رکھے تو فقہاءِ کرام نے بعض صورتوں میں اسے غبنِ فاحش کے تحت داخل کرکے ممنوع قرار دیا ہے۔ فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144202201467

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں