بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کمیٹی نکلنے کی صورت میں منتظم کو جوڑا تحفہ دینے کی شرط لگانا


سوال

دس آدمی مل کر بچت کمیٹی (بی سی) ڈالتے ہیں۔بیس بیس ہزار فی کس، دو لاکھ ہر ماہ ان میں سے ہر ایک کو ملتے ہیں، بعض اوقات منتظم خود بھی اس کمیٹی میں شامل ہوتا ہے اور بعض اوقات خود شامل نہیں ہوتا ،لیکن ایک شرط یہ ہے کہ پہلے چار شرکاء میں سے جو کمیٹی لے گا وہ منتظم کو کپڑے کا ایک جوڑا تحفتادے گا اس کا شرعی حکم کیا ہے؟

جواب

واضح رہے کہ بی سی (کمیٹی) میں تمام شرکاء برابر رقم جمع کرائیں، اور انہیں برابر رقم دی جائے اورتمام شرکاءاخیرتک شریک رہیں (ایسانہ ہوکہ جس کی کمیٹی نکلتی جائےوہ بقیہ اقساط سے بری الذمہ ہوتاجائے) اور بولی لگا کر فروخت نہ کی جائے تو اس طرح کی بی سی (کمیٹی) ڈالنا جائزہے۔

اگر اس میں غلط شرائط لگائی جائیں، مثلاً: کسی کو کم، کسی کو زیادہ دینے کی شرط یا بولی لگاکر فروخت کی جائے یا جس کی کمیٹی نکلتی جائے وہ بقیہ اقساط سے بری الذمہ قرار پائے تو یہ صورتیں جائز نہیں ہیں،  بعض صورتیں سود  اور بعض جوے  اور سود کے زمرے میں داخل ہوں گی۔

اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ ہر شریک کو ہر وقت بطورِ قرض دی ہوئی اپنی رقم واپس لینے کے مطالبہ کا پورا حق ہو، اس پر جبر نہ ہو۔

لہذا صورت مسئولہ میں کمیٹی میں یہ شرط لگانا کہ شروع میں  جن چار ممبران کی کمیٹی نکلے گی وہ منتظم کو جو ڑا تحفہ میں دیں گےیہ شرط لگانا  سود اور رشوت کے زمرے میں داخل ہونے کی وجہ سے ناجائز ہےلہذا ایسی کمیٹی ڈالنا جائز نہیں ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(قوله ‌كل ‌قرض جر نفعا حرام) أي إذا كان مشروطا كما علم مما نقله عن البحر."

(کتاب البیوع ، باب المرابحة و التولیة جلد ۵ ص: ۱۶۶ ط: دارالفکر)

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"وعن عبد الله بن عمرو قال: لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم ‌الراشي والمرتشي. رواه أبو داود وابن ماجه."

(کتاب الإمارۃ و القضاء ، باب رزق الولاۃ و هدایاهم جلد ۲ ص: ۱۱۰۸ط: المکتب الاسلامي)

فقط و اللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144402101848

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں