بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کم مہر طے کرکے نکاح نامہ میں زیادہ لکھوانا


سوال

شادی کے وقت میں نے مہر کے  لیے 40،000 روپیہ تعیین کیا،  لیکن لڑکی  والے  نہیں مانتے  وہ  کہتے ہیں کہ  200,000 (دو لاکھ روپے) ہی مقرر کرنا پڑےگا ورنہ نہیں، با لآخر فیصلہ اس طرح طے ہوا کہ لڑکی والوں نے کہا کہ تم جو  40،000 روپے دینا چاہتے ہو،  وہ ہی دینا،  لیکن ہم کابین نامہ میں دو لاکھ ہی لکھیں گے۔ صورتِ  مذکورہ ٹھیک ہے یا نہیں؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں نکاح کے موقع پر فریقین کی رضامندی سے اگر چالیس ہزار روپے مہر مقرر ہوگیا تھا اور لڑکی والوں کے اصرار پر فریقین نے  اتفاق کرتے ہوئے یہ طے کیا کہ ہم نکاح نامہ /کابین نامہ میں دو لاکھ روپے لکھوائیں گے، لیکن مہر چالیس ہزار روپے ہی ہوگا تو اس صورت میں لڑکے پر مہر کی مد میں چالیس ہزار ہی دینا لازم ہوں گے ، اگرچہ نکاح نامہ میں دو لاکھ  لکھے ہوئے ہوں۔

واضح رہے کہ یہ حکم صرف مہر کے لازم ہونے یا نہ ہونے سے متعلق ہے، لیکن محض ریاکاری اور  دکھاوے کے لیے ایسا کرنا اور اس میں جھوٹ کا سہار ا  لینا یہ سب  گناہ کے کام ہیں، لہذا اگر کسی نے ایسا کرلیا ہو تو اس پر توبہ واستغفار کرنا لازم ہوگا۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (3/ 161):

"[مطلب في مهر السر ومهر العلانية]
 (قوله: المهر مهر السر إلخ) المسألة على وجهين: الأول تواضعا في السر على مهر ثم تعاقدا في العلانية بأكثر والجنس واحد، فإن اتفقا على المواضعة فالمهر مهر السر وإلا فالمسمى في العقد ما لم يبرهن الزوج على أن الزيادة سمعة، وإن اختلف الجنس فإن لم يتفقا على المواضعة فالمهر هو المسمى في العقد، وإن اتفقا عليها انعقد بمهر المثل، وإن تواضعا في السر على أن المهر دنانير ثم تعاقدا في العلانية على أن لا مهر لها فالمهر ما في السر من الدنانير؛ لأنه لم يوجد ما يوجب الإعراض عنها، وإن تعاقدا على أن لاتكون الدنانير مهرًا لها أو سكتا في العلانية عن المهر انعقد بمهر المثل".

  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144107200741

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں