بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سیاہ لباس پہننا


سوال

آج کل لوگ شادیوں میں کالالباس پہنتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا پسندیدہ ہے، جب کہ ہم نے سنا ہے کہ کالا لباس جہنمیوں کا ہے، وضاحت فرمائیں۔

جواب

حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سیاہ لباس کو پسند کرنے کی روایت ہمیں کسی مستند کتاب میں نہیں مل سکی، البتہ شادی بیاہ یا عام مواقع پر سیاہ لباس پہننے سے متعلق حکم یہ ہے کہ :فی نفسہ کالا لبا س پہننے میں کوئی حرج نہیں ہے،بشرط یہ کہ کسی خاص رسم یا عقیدہ یا سوگ کی بنیاد پرنہ ہو، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی مختلف اوقات میں کالا عمامہ اورچادر پہننا ثابت ہے،  البتہ آج کے دور میں مکمل کالا لباس  بعض اہلِ باطل کا شعار بن چکا ہے، اس لیے بہتر ہے کہ پورے کالے لباس سے جہاں تک ہوسکے احتیاط رکھیں،خصوصاً جن دنوں میں وہ کالے لباس کا اہتمام کرتے ہیں ان دنوں میں تو بالکلیہ اجتناب کریں؛ کیوں کہ اہلِ باطل کے شعار سے بچنے کا حکم ہے،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

"من تشبه بقوم فهو منهم."

(سنن أبی داؤد ،باب فی لبس الشھرۃ،رقم الحدیث :4031،ج:6،ص:144،ط:دارالرسالة العالمیة)

ترجمہ:’’حضورصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کا ارشاد ہے: جس شخص نے کسی قوم کی مشابہت اختیار کی  تو وہ شخص اسی قوم میں شمار ہوگا۔‘‘

فتاویٰ شامی میں ہے:

"وفي التتارخانية: ولا تعذر في لبس السواد، وهي آثمة إلا الزوجة في حق زوجها فتعذر إلى ثلاثة أيام. قال في البحر: وظاهره منعها من السواد تأسفاً على موت زوجها فوق الثلاثة."

( باب العدۃ ،فصل فی الحداد،ج:3،ص 533،ط:ایچ ایم سعید)

کفایت المفتی میں ہے:

’’سیاہ لباس  بطور ماتمی نشان کے استعمال کیا جاتا ہے ،خواہ کوئی کپڑا سیاہ پہنا جائے مثلاً سیاہ شیروانی  یا سیاہ عمامہ وغیرہ یا ایک سیاہ کپڑا عمامہ پر یا بازو  پر یا کسی دوسرے موقع پر لگا لیا جائے تو یہ صورت بہرحال ناجائز ہے اور شعار روافض میں سے ہے اور ماتمی علامت اور نشان مقصود نہ ہو تو سیاہ رنگ مثل دوسرے رنگوں کے استعمال کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں،فقط محمد کفایت اللہ ۔‘‘

(کتاب الحظر والاباحۃ،ج:9،ص:159،ط:دارالاشاعت کراچی)

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144311101209

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں