ظہر کی نماز میں چار سنّت چار فرض دو سنّت دو نفل پڑھے جاتے ہیں، لیکن جمعہ والے دن پہلے چار سنّت پڑھتے ہیں، پھر جمعہ کی نماز کے دو فرض پڑھتے ہیں، اس کے بعد جو چار سنّت پڑھتے ہیں وہ ظہر کے ہوتے ہیں نا؟ اس کی تصدیق کر دیں. اور ان چار سنّت کی نیت کیسے کرتے ہیں یہ بتا دیں!
بصورت مسئولہ جمعہ کی فرض نماز کے بعد جو سنتیں ہیں وہ جمعہ کی سنتیں ہیں ،ظہر کی نہیں، ان میں جمعہ کی سنت کی نیت ہوگی ، جمعہ کے دن جو شخص جمعہ ادا کر رہا ہو اس سے ظہر کی نماز اور اس کی سنتیں ساقط ہوجاتی ہیں۔
"امداد الفتاویٰ" میں ہے:
(سوال )جمعہ کی پہلی سنتیں مؤکدہ ہیں یا نہیں؟ اور بعد کی سنتوں میں چار مؤکدہ ہیں یا دو یا سب ؟
(الجواب)جمعہ کی پہلی سنتیں مؤکدہ ہیں ، کذا في الدر المختار اور بعد کی چار مؤکدہ ہیں کذا في الدر المختار."
(امداد الفتاویٰ ج۱ص۶۷۸،ص۶۷۹مطبوعہ دیو بند )
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144203201085
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن