بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جمعے کے دن درود شریف کی فضیلت


سوال

جمعے کے دن درود شریف پڑھنا بھت افضل عمل ہے، ایک حدیث میں ہے کہ جو شخص جمعے کے دن دو سو دفعہ درود شریف پڑھے گا، اس کے دو سو سال کے گناہ معاف ہو جائیں گے،اب پوچھنا یہ ہے کہ اس زمانے میں صرف درود ابراہیمی جو نماز میں پڑھتے ہیں، وہی پڑھیں یا کسی اور درود سے بھی یہ فضیلت حاصل ہو جائے گی؟ نیز اگر ہم اللھم صل علی محمد وعلی آل محمد پڑھیں تو یہ فضیلت حاصل ہو جائے گی؟

جواب

بلاشبہ درود شریف ایک فضیلت والا عمل ہے اور احادیث میں اس کے بہت سے فضائل آئے ہیں، حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا رحمہ اللہ نے فضائل درود شریف میں تفصیل سے احادیث ذکر کی ہیں، خاص طور پر جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے کے بارے میں بھی مستقل فضائل ہیں، مثلا :نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : تمہارے دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن ہے، اس دن کثرت سے درود پڑھاکرو، کیونکہ تمہارا درود مجھے پہونچایا جاتا ہے۔ مسند احمد، ابوداوٴد، ابن ماجہ، صحیح ابن حبان ۔ ایک اور حدیث میں ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جمعہ کے دن اور جمعہ کی رات کثرت سے درود پڑھا کرو، جو ایسا کرے گا تو میں قیامت کے دن اس کی شفاعت کروں گا بیہقی۔ رہی آپ کی بیان کردہ فضیلت پر مشتمل حدیث تو وہ ہمیں تلاش کرنے پر نہیں ملی، البتہ اس بارے میں یہ اصولی بات سمجھ لینی چاہئیے کہ جن روایات میں درود کے مخصوص الفاظ کا ذکر ہے، ان کے مطابق فضیلت بھی انہی الفاظ کو پڑھنے پر ملے گی، اور جن میں مخصوص الفاظ کے بغیر کوئی فضیلت بیان کی گئی ہے تو امید ہے کہ درود کے کوئی بھی مسنون الفاظ پڑھے جائیں گے، وہ فضیلت حاصل ہو گی، اگر آپ کی بیان کردہ مذکورہ روایت ثابت ہے تو یہ اصول اس پر بھی لاگو کیا جاسکتا ہے، واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143602200025

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں