بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

جمعہ کی پہلی اذان کی مشروعیت


سوال

جمعہ کی سب سے پہلی اذان کس نے دی تھی؟

جواب

واضح رہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں جمعہ کی ایک اذان ہوا کرتی تھی، اسی طرح حضرت ابو بکر و عمر رضی اللہ عنہما کے زمانے میں بھی جمعہ کے لیے  ایک ہی اذان ہوتی تھی اور یہ وہ اذان ہے جو آج کل دوسری اذان کہلاتی ہے، یعنی جو اذان  مؤذن امام کے سامنے کھڑے ہو کر دیتا ہے،پھر حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے زمانے میں  مجمع بڑھ گیا تو ایک اور اذان کی ضرورت محسوس کی گئی، تاکہ لوگ مسجد کی طرف جمع ہونے لگیں جس کے لیے انہوں نے  "زوراء" نامی مقام سے اذان دینے کا حکم دیا، اور یہ وہ اذان ہے جو  آج کل کی ترتیب کے اعتبار سے جمعہ کی  پہلی اذان  کہلاتی ہےاور اس پر صحابہ میں سے کسی نے کوئی اشکال نہیں کیا، اس طرح اس اذان پر امت کا اجماع ہو گیا، چوں کہ اس اذان کی ابتدا  حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے حکم سے ہوئی ہے  اس لیے اس  کی نسبت حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی طرف کی جاتی ہے۔

اور اگر سائل کا مقصود سب سے پہلی اذان سے یہ ہے کہ جمعے کی اذان سب سے پہلے کس نے دی؟ تو اس بارے میں تصریح نہیں مل سکی۔

صحيح البخاری میں ہے:

"عن السائب بن يزيد قال: كان النداء يوم الجمعة أوله إذا جلس الإمام على المنبر على عهد النبي صلى الله عليه وسلم وأبي بكر وعمر رضي الله عنهما، فلما كان عثمان رضي الله عنه وكثر الناس زاد النداء الثالث على الزوراء.

قال ابوعبداللہ:"الزوراء" اسم موضع باسوق بالمدینة."

(کتاب الجمعة،باب الاذان، ج:1،ص:540،ط:بشریٰ)

فتاویٰ میں شامی میں ہے:

"قال في شرح المنية: واختلفوا في المراد بالأذان الأول، فقيل: الأول باعتبار المشروعية، وهو الذي بين يدي المنبر؛ لأنه الذي كان أولاً في زمنه عليه الصلاة والسلام، وزمن أبي بكر وعمر، حتى أحدث عثمان الأذان الثاني على الزوراء حين كثر الناس. والأصح: أنه الأول باعتبار الوقت، وهو الذي يكون على المنارة بعد الزوال. اهـ. والزوراء بالمد اسم موضع في المدينة".

(ج:2،ص:161،ط:سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144308101848

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں