بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جوا کھیلنے والوں کو سروسز دینا


سوال

میں ماسکو میں ہوں،  مجھے چار مہینے ہو گئے، مگر نوکری نہیں مل رہی،  یہاں پر ایک جوا کی کمپنی ہے جس کا نام ہے one x، جس میں میرا کام جوا کھیلنے والے کو آن لائن سروس فراہم کرنا ہے ، کیا نوکری نہ ملنے کے عذر سے میں وہاں نوکری کرسکتا ہوں ؟

جواب

واضح رہےکہ جس طرح جوا کھیلنا حرام ہے، بالکل اسی طرح جوا کھیلنے والے  کو سروسز دینا بھی حرام ہے، لہذا صورتِ مسئولہ میں مذکورہ کمپنی میں کام کرنا آپ کے لیے جائز نہیں، لہذا گزر اوقات کا سامان موجود ہو تو مذکورہ ملازمت اختیار نہ کی جائے اور اگر ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے مال موجود نہ ہو  اور مذکورہ ملازمت نہ کرنے کی صورت میں  فاقے  کی صورت پیش آئے گی تو جب تک جائز ملازمت نہ مل جائے مذکورہ ملازمت کو بامر مجبوری ناجائز سمجھتے ہوئے کرنے کی گنجائش ہوگی، جیسے ہی جائز ملازمت مل جائے اس کو ترک کرنا ضروری ہوگا۔

باری تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنْصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ "

[المائدة :۹٠]

"ترجمہ :اے ایمان والو بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور بت وغیرہ اور قرعہ کے تیر یہ سب گندی باتیں شیطانی کام ہیں سو ان سے بالکل الگ رہو تاکہ تم کو فلاح ہو۔"

قرآن کریم میں ہے:

{وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ}

[المائدة:2]

"ترجمہ: اور گناہ  اور زیادتی میں  ایک  دوسرے  کی اعانت مت کرو ، اور اللہ تعالیٰ سے ڈرا کرو ، بلاشبہ  اللہ تعالیٰ  سخت سزا دینے والے ہیں۔"

الاشباه والنظائر ميں هے:

"قولهم:  الضرورات ‌تبيح ‌المحظورات."

(ج:1، ص:45، ط:دار الكتب العلميۃ)

الموسوعة الفقهية الكويتية ميں ہے:

"‌‌ما جاز لعذر بطل بزواله:

 ومعناها أن ما جاز فعله بسبب عذر من الأعذار، أو عارض طارئ من العوارض فإنه تزول مشروعيتهبزوال حال العذر، لأن جوازه لما كان بسبب العذر فهو خلف عن الأصل المتعذر، فإذا زال العذر أمكن العمل بالأصل، فلو جاز العمل بالخلف - أيضا - للزم الجمع بين الخلف والأصل فلا يجوز كما لا يجوز الجمع بين الحقيقة والمجاز لهذه العلة (1)"

(ج:28، ص:206، ط:وزارة الأوقاف والشئون الإسلامية)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144507101054

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں