بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

27 شوال 1445ھ 06 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

جوائنٹ فیملی میں چچی ممانی سے پردہ کا حکم


سوال

اگر پورے خاندان میں شرعی پردے کا مکمل ماحول نہ ہو،اور وہاں انسان کا واسطہ پڑ جاتا ہے تو شرعاً کیا حکم ہے؟مثلاً ممانی ،چچی وغیرہ سے تو کچھ گنجائش ہے ؟

جواب

ہر اس خاتون سے پردہ ضروری ہے، جس سے في الحال یا مستقبل میں نکاح کرنا جائز ہو، جنہیں فقہی اصطلاح میں  غیر محرم  کہا جاتا ہے، پس غیر محرم خواتین میں ممانی ، چچی ،  چچا زاد، پھوپھی زاد ماموں زاد،  بہنیں، سالی، بھابھی سب داخل ہیں۔

پس اگر کوئی جوائنٹ فیملی میں رہتا ہو تو اسے اس بات کا خاص اہتمام کرنا چاہیے کہ نامحرم رشتہ داروں کے ساتھ خلوت میں بالکل اختلاط نہ ہو اور بے جا ہنسی مذاق سے بھی اجتناب کرے، نیز  ننگے سر  ایسی خواتین نا محرم مرد  رشتہ داروں کے سامنے نہ آئیں، البتہ حسب ضرورت پردہ میں رہ کر  ممانی ، چچی وغيرہ سے بات   کرنے کی اجازت ہوگی۔

حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں :

" جورشتہ دار محرم نہیں، مثلا : خالہ زاد، ماموں زاد، پھوپھی زاد بھائی یا بہنوئی یا دیور وغیرہ جوان عورت کو ان کے رو برو آنا اور بے تکلف با تیں کرنا ہر گز نہیں چاہئے، اگر مکان کی تنگی یا ہر وقت کی آمدو رفت کی وجہ سے گہرا پردہ نہ ہو سکے تو سر سے پاؤں تک کسی میلی چادر سے ڈھانک کر شرم و لحاظ سے بضرورت رو برو آ جائے اور کلائی، بازو، سر کے بال اور پنڈلی ان سب کا ظاہر کرنا حرام ہے، اسی طرح ان لوگوں کے رُو برو عطر لگا کر عورت کو آنا جائز نہیں ، اور نہ بجتا ہوا زیور پہنے ۔ "

(تعلیم الطالب ص: ۵)

احسن الفتاوی میں ہے:

" عورت گھر کے نامحرم افراد سے پردہ کیسے کرے؟

سوال : چند بھائی ایک گھر میں رہتے ہیں ، ہر ایک کے لئے علیحدہ مکان بنانے کی استطاعت نہیں ، ایسی صورت میں عورت پر وہ کرنے کی کیا تدبیر اختیار کرے، جبکہ اسے گھر میں مختلف کام سرانجام دینے پڑتے ہیں اور نا محرم سے بات کرنے کی ضرورت بھی پیش آتی ہے۔ بینوا توجروا۔

الجواب باسم ملهم الصواب

شرعی پردہ اللہ تعالیٰ کا قطعی حکم ہے ، اگر قلب میں کچھ فکر آخرت ہو تو اس پر عمل کرنا کوئی مشکل نہیں ، اس کے لئے علیحدہ گھر ہونا ضروری نہیں ، چہرہ چھپانا اور بلا ضرورت بات کرنے سے احتراز ایک گھر میں رہتے ہوئے بھی ممکن ہے ، بقدر ضرورت بات کرنے کی گنجائش ہے ، اس گنجائش سے ناجائز فائدہ اُٹھا کر بلا ضرورت گپ شپ لگانے یا بالکلیہ پردہ ترک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ، عورت گھونگھٹ کر کے گھر کے سارے کام کر سکتی ہے۔"

( مسائل شتی، ٩ / ٣٧، ط:سعید)

مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری رحمہ اللہ لکھتے  ہیں:

"جیٹھ، دیور، بہنوئی ، چچا، ماموں اور پھوپھی خالہ کے لڑکے بھی غیر محرم ہیں، کیوں کہ ان سے نکاح جائز ہے، مگر ہمارے معاشرہ میں ان سے کامل پردہ مشکل ہے۔

اول تو ہندوستانی مسلمانوں کی معیشت کمزور ہے، ہر ایک کا گھر علاحدہ نہیں ہوسکتا۔

دوم ہندو معاشرہ کا مسلمانوں کے معاشرہ پر اثر پڑا ہے، اور اختلاط عام ہوگیا ہے، اس لیے ان کے معاملہ میں بھی دو شرطوں کے ساتھ تخفیف مناسب معلوم ہوتی ہے:

اول: بغیر اجازت لیے یہ لوگ اچانک گھر میں نہ آئیں، جب بھی آئیں پہلے آگاہ کریں، تا کہ عورت خود کو سنبھال لے اور مذکورہ اعضاء ( یعنی چہرہ ہتھیلی اور پیر ) کے علاوہ باقی جسم کو ڈھانک لے۔

دوم: یہ لوگ تنہائی میں جمع نہ ہوں، اور بے تکلفی سے باتیں نہ کریں۔

حدیث میں ہے کہ عورتوں کے پاس تنہائی میں جانے سے بچو! ایک انصاری نے پوچھا: جیٹھ، دیور کا کیا حکم ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: جیٹھ، دیور "موت ہیں ! یعنی بڑا فتنہ ہیں، کیونکہ جیٹھ، دیور کی بھاوج سے بے تکلفی ہوتی ہے، اس لیے فتنہ پیش آنے میں دیر نہیں لگتی، اور یہی حکم سالیوں کا ہے، ان کے ساتھ بھی بہنوئی کی بے تکلفی ہوتی ہے، اس لیے فتنہ پیش آتا ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جیٹھ، دیوراگر چہ غیر محرم ہیں ،مگر چوں کہ ان کے ساتھ ہر وقت رہنا ہوتا ہے، اس لیے ان کے ساتھ تنہائی اور بے تکلفی تو جائز نہیں، مگر باقی پردے میں تخفیف ہے۔ واللہ اعلم"

(ہدایت القرآن، سورہ نور، آیت: ٣١)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144506100436

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں