بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جو ورثاء محروم نہیں ہو تے ان کی تفصیل


سوال

وہ کون سےورثاء ہیں جوکسی صورت میں میراث سے محروم نہیں ہوتے ؟

جواب

صورتِ  مسئولہ  میں  بیٹا، بیٹی ،ماں ،باپ  ،زوجہ ، شوہر  یہ ورثاءدرج ذیل     چار امور کے  علاوہ کسی صورت میں محروم نہیں ہو تے  وہ امور یہ ہیں :

1۔ قتل :اگر کسی بالغ وارث نے اپنے مورث کو ظلمًا مارڈالا یہ وراثت سے بالکل محروم ہو جائے گا ۔

2۔اختلافِ  دِین:اگر وارث مسلمان ہے اور مورث کا فر ہے ،  یا مورث مسلمان ہے اور وارث کا فر ہے تو اس صورت بھی  میراث نہیں ملے گی ۔

3۔غلامی: غلام چوں کہ شرعًا مالک ہو نے کی قابلیت نہیں رکھتا  اس کے قبضہ میں جو کچھ آتا ہے وہ مالک کی ملکیت ہو جاتا ہے  لہذا اگر غلام کا کوئی رشتہ دار مر جائے   تو  اس کے  مال میں سے  غلام کو میراث نہیں ملے گی ، بلکہ محروم  رہے گا،  کیوں کہ اگر اس کو حصہ دلا یا جائے تو  ایسے شخص کی ملکیت ہو جائے گا  جو اس مال  کامستحق   نہ تھا  اور غلام  کے انتقال پر اس کے  وارثوں کو   میراث اسلئے نہیں ملتی  کہ غلام جب غلامی کی حالت میں   مرتا ہے تو  اس کا کچھ ترکہ باقی نہیں رہتا ؛  کیوں کہ  وہ کسی چیز کا مالک ہی نہیں تھا   جو کچھ اسباب ومال اس کے قبضہ میں ہے وہ زندگی میں آقا اور مالک کا مملوک تھا  اور غلام کے مر نے کے بعد بھی اسی کا مملوک رہا غلام کے وارثوں کو  کہاں سے حصہ پہنچے اور کیسے میراث ملے ۔

 4۔ اختلاف ممالک ووطن :یعنی میت اور وارث کےملک وولایت کا مختلف ہو نا ،مسلمان کا وارث گو کتنی ہی بعید ولا یت اور مختلف ملک میں رہتا ہو  اپنے مورث کے مال سے محروم نہ رہے  گا خواہ کتنا ہی بعد المشرقین ہو اور دونوں کی سکونت مختلف سلطنتوں میں ہو ، البتہ  جولوگ مسلمان نہیں  ہیں  ان میں اگر میت  اور وارث دو مختلف ملکوں میں رہتے ہیں اور سلطنتوں میں صلح بھی نہ ہو تو دوسرے ملک میں رہنے والے میت کی میراث  اس کے وارث کو نہیں پہنچے گی اور مختلف ملکوں میں رہنا باعث محرومی میراث کا ہو جائے گا ۔(ماخوذ از :مفید الوارثین،ص:72،69ط: ادارہ اسلامیت انارکلی لاہو ر  ) 

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144307100931

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں