بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جنات کے اثرات کا علاج


سوال

ہمارے ہاں ایک شادی شدہ عورت پر شہباز قلندر مزار کی جنی جنات کے اثرات ہیں،عورت کو قلندر بابا کے مزار پر بھی لے گئے ہیں اور بھی بہت سے عالم حضرات کے پاس بھی لے گئے ہیں اور کافی حد تک فرق بھی آگیا ہے، لیکن مستقل حل نہیں ہوا ہے۔اس کا کوئی مکمل علاج بتائیں ۔

جواب

جب تک کسی بات کی بنیاد نہ ہو، بے وجہ  شکوک و شبہات میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، عموماً  شیطانی وساوس، انسانی نفسیات، نظرِ  بد  اور  حسد کے اثرات وغیرہ اور بعض اوقات پیشہ ور لوگ جادو کے وہم میں مبتلا کردیتے ہیں،  اصل چیز حفاظت ہے، اور حفاظت کرنے والے اللہ تعالیٰ ہیں، غیر مرئی مضر اشیاء سے حفاظت  کا طریقہ وہی ہے جس کی تعلیم ہمیں دین نے دی ہے:

1-  سب سے بنیادی بات کہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور ان کی صفات پر کامل ایمان اور یقین ہو، اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ ہو تو قوتِ ایمانی سے ہی ان شاء اللہ بہت سی شیطانی قوتیں اور نفسیاتی حملے پسپا ہوجاتے ہیں۔

2-  پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی، ان کی شرائط و احکام کی رعایت رکھ کر ادا کرنے کا اہتمام، جو درحقیقت خالق ومالک سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، اور جب بندے کا تعلق اللہ سے مضبوط ہوتاہے تو شیطان کا بس اس پر نہیں چلتا۔

3-  ہر وقت پاکی کا اہتمام کرنا، با وضو رہنا، اور تلاوتِ قرآنِ کریم کی کثرت، نیز ذکر کی پابندی۔ 

4- مکمل سورہ بقرہ معتدل آواز میں وقتاً فوقتاً گھر میں تلاوت کرنے کا اہتمام کریں۔

5- قرآنی آیات پر مشتمل "منزل" نامی مجموعہ  (جو شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا رحمہ اللہ نے ترتیب دیا ہے، اس)  کی بھی باقاعدگی سے تلاوت کریں۔

6-  صبح وشام  کی حفاظت کی مسنون دعائیں پڑھنے کا اہتمام، (جو مختلف مستند علمائے کرام نے جمع کرکے شائع کردی ہیں، کسی بھی دینی کتب خانے سے حاصل کی جاسکتی ہیں) نیز درج ذیل اذکار صبح وشام سات سات مرتبہ پابندی سے یقین کے ساتھ پڑھ کر دونوں ہاتھوں میں تھتکار کر سر سے پیر تک اپنے پورے جسم پر  پھیردیں، ان شاء اللہ ہر قسم کےسحر، آسیب اور نظرِ بد کے اثراتِ بد سے حفاظت رہے گی:

درود شریف، سورہ فاتحہ، آیۃ الکرسی، سورہ الم نشرح، سورہ کافرون، سورہ اخلاص، سورہ فلق، سورہ ناس اور درود شریف

7- ایک روایت میں ہے کہ  حضرت کعب احبار رحمہ اللہ جو پہلے یہود کے بڑے علماء میں سے تھے ،پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں مسلمان ہوگئے تھے،انہوں نے بیان کیا کہ اگر میں یہ چند کلمات نہ پڑھا کرتا تو یہود  جادو سے مجھے گدھا بنا دیتے وہ الفاظ یہ ہیں:

" أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْعَظِيْمِ الَّذِيْ لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ، وَبِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّاتِ الَّتِيْ لَايُجَاوِزُهُنَّ بَـرٌّ وَّلَا فَاجِرٌ، وَبِأَسْمَآءِ اللهِ الْحُسْنىٰ كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ. "

الأسماء والصفات للبيهقي میں ہے:

"عن القعقاع بن حكيم، قال: إن كعب الأحبار قال: لولا كلمات أقولهن لجعلتني يهود حماراً. فقيل له: ما هي؟ فقال: أعوذ بوجه الله العظيم الذي ليس شيء أعظم منه، وبكلمات الله التامات التي لا يجاوزهن بر ولا فاجر، وبأسماء الله الحسنى كلها ما علمت منها وما لم أعلم، من شر ما خلق وذرأ وبرأ".

(باب ما جاء في إثبات الوجه صفة لا من حيث الصورة ، جلد 2 ص:113 ، 114 ط: مکتبہ السوادی جدة)

لہذا جادو سے بچاؤ کے لیے اس دعا کو بھی کثرت سے پڑھنا چاہیے۔ 

باقی عورت کا عام حالت میں بھی قبرستان جانا مکروہ ہے، اگر کسی مزار پر غلط عقیدے سے ساتھ جائے تو اس کی ممانعت اور زیادہ ہوگی، لہٰذا اس عورت کو مزار پر نہ لے جائیں، البتہ مذکورہ بالا اعمال کا اہتمام کرنے کے  باوجود افاقہ نہ ہو  یا کچھ غیر معمولی واقعات ہوں تو کسی مستند   عالمِ دین سے براہِ راست رجوع  کرکے راہ نمائی لے لیجیے گا۔

  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144310100763

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں