بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا جنت کی حوروں کے نام لائبہ اور عیناء ہے ؟


سوال

کیا جنت کی دو حور کا نام لائبہ اورعیناء ہےتفصیل کے ساتھ واضح فرمائیں ؟

جواب

جنت کی حوروں کے نام ""لائبہ "" یا "عیناء" ہمیں تلاش کے باوجودکسی معتمد کتاب میں  نہیں ملے۔البتہ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ جنت کی ایک حور کا نام "لعبۃ " ہے۔ملاحظہ ہو:

صفة الجنة / ابن أبي الدنيا - (1 / 320)

" عن ابن مسعود ، قال : إن في الجنة حوراء يقال لها : اللعبة ، كل حور الجنان يعجبن بها يضربن بأيديهن على كتفها ويقلن طوبى لك يا لعبة لو يعلم الطالبون لك لجدوا ، بين عينيها مكتوب : من كان يبتغي أن يكون له مثلي فليعمل برضاء ربي عز وجل"۔

اسی طرح قرآن مجید میں نیک اور متقی مسلمانوں کے لیے جنت کی نعمتیں شمار کراتے ہوئے ارشاد باری تعالیٰ ہے:

﴿كَذٰلِكَ وَزَوَّجْنَاهُمْ بِحُورٍ عِينٍ﴾  (الدخان: 54)

ترجمہ:(اور) یہ بات اسی طرح ہے اور ہم ان کا گوری گوری بڑی بڑی آنکھوں والیوں سے بیاہ کردیں گے۔ (بیان القرآن)

اسی طرح ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا:

﴿مُتَّكِئِينَ عَلَى سُرُرٍ مَصْفُوفَةٍ وَزَوَّجْنَاهُمْ بِحُورٍ عِينٍ﴾  (الطور: 20)

ترجمہ: تکیہ لگائے ہوئے تختوں پر جو  برابر بچھائے ہوئے ہیں۔ اور ہم ان کا گوری گوری بڑی بڑی آنکھوں والیوں (یعنی حوروں) سے بیاہ کردیں گے۔ (بیان القرآن)

"حور"  حوراء کی جمع ہے، اور "حوراء"  اس عورت کوکہتے ہیں جو جوان ہو،حسین وجمیل ہو، گورے رنگ کی ہو، سیاہ آنکھ والی ہو ۔ اور "عین" عیناء کی جمع ہے اور "عیناء" اس عورت کوکہتے ہیں جوعورتوں میں بڑی آنکھ والی ہو۔(حادی الارواح:۲۸۵)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک اور روایت نقل  کی گئی ہے  کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

"سألت جبريل عليه السلام فقلت: أخبرني كيف يخلق الله الحور العين؟ فقال لي: يامحمد! يخلقهن الله من قضبان العنبر والزعفران، مضروبات عليهن الخيام، أول مايخلق الله منهن نهداً من مسك أذفر أبيض عليه يلتام البدن". (تذکرۃ القرطبی:۲/۴۸۱، بحوالہ ترمذی)

ترجمہ:میں نے جبریل علیہ السلام سے پوچھا اور کہا کہ مجھے بتاؤ اللہ تعالیٰ حورعین کوکس طرح سے تخلیق فرماتے ہیں؟ انہوں نے فرمایا: اے محمد! اللہ تعالیٰ ان کوعنبر اور زعفران کی شاخوں سے پیدا فرماتے ہیں؛ پھران کے اوپرخیمے نصب کردیے جاتے ہیں ، سب سے پہلے اللہ تعالیٰ ان کے پستانوں کوخوشبودار گورے رنگ کی کستوری سے پیدا کرتے ہیں اسی پرباقی بدن کی تعمیر کرتے ہیں۔

سابقہ تفصیل سے واضح ہواکہ "حورعین" جنت کی وہ پاکیزہ، خوب صورت، گوری اور بڑی آنکھوں والی عورتیں ہیں، جو دنیا کی عورتوں سے جدا ہیں، ان کی تخلیق کا قوام بھی مختلف ہے۔ البتہ دنیا کی عورتوں کا حسن  جنت میں داخل ہونے کے بعد  حوروں سے بڑھ کر ہوگا، اور وہ حوروں کی ملکہ (سردار) ہوں گی۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201965

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں