بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جہنم جانے پر راضی رہنے کا اظہار کرنے والے الفاظ سے تجدیدِ ایمان و نکاح کا حکم


سوال

 ایک آدمی کا اپنے والد صاحب سے کچھ اختلاف ہوا، اس کے بعد اس نےاپنے والد صاحب کو کچھ شکایت اور دکھ لکھ کر واٹس ایپ کیا اور اس شکایتی تحریر کے آخر میں ایک جملہ لکھا کہ "(اس کام کے لیے مجھے جہنم بھی جانا پڑے تو میں خوشی خوشی چلاجاؤں گا ) " مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ اس آدمی پر اس سخت جملہ کہنے کی وجہ سے احتیاطی طورپر تجدید ایمان اور تجدید نکاح کا حکم عائد ہوگا یا نہیں؟

جواب

صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص کافر نہیں ہوا، اس پر تجدیدِ ایمان اور تجدیدِ نکاح لازم نہیں ہوا۔

تاہم  فقہاء نے لکھا ہے کہ  ناواقف لوگوں کو چاہیے کہ وہ مہینہ میں ایک یا دو مرتبہ نکاح کی تجدید کرلیا کریں  کہ غلطی  میں ان سے کوئی کفریہ کلمہ سرزد نہ ہوگیا ہو۔صرف احتیاط کی بنا پر  نکاح کی تجدید کی گئی ہو تو نیا مہر متعین کرنا ضروری نہیں ہے، اور  اس نفسِ نکاح سے( جب کہ مہر میں اضافہ مقصود نہ ہو ) مہر بھی لازم نہیں  ہوگا۔ لہٰذا اگر اپنی منکوحہ سے دوبارہ نکاح کا مقصد احتیاطًا تجدیدِ نکاح ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، بلکہ عامی شخص کو یہ کرلینا چاہیے، اور اس سے پہلے نکاح پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

البحر الرائق  میں ہے :

"وهل تكفر المرأة بقولها أنا أحب عذاب جهنم، وأكره الجنة قلت ظاهر كلامهم هنا عدمه."

 (كتاب الطلاق، باب التعليق في الطلاق، 4/ 29، ط :  دار الكتاب الإسلامي)

فتاوی شامی میں ہے :

"وظاهر كلامهم هنا أنها لا تكفر بقولها أنا أحب عذاب جهنم وأكره الجنة."

(كتاب الطلاق، باب التعليق، 3/ 360، ط : سعید)

و فیہ :

" وعلم الألفاظ المحرمة أو المكفرة، ولعمري هذا من أهم المهمات في هذا الزمان؛ لأنك تسمع كثيرا من العوام يتكلمون بما يكفر وهم عنها غافلون، والاحتياط أن يجدد الجاهل إيمانه كل يوم ويجدد نكاح امرأته عند شاهدين في كل شهر مرة أو مرتين، إذ الخطأ وإن لم يصدر من الرجل فهو من النساء كثير."

(مقدمة، 1 / 42، ط : سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144310101578

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں