بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

جادو کی تاثیر کے بارے میں ایک شبہ کا ازالہ


سوال

 جادو سے اگر عامل سب کام کر سکتے  ہیں تو پھر اللہ تعالیٰ نے تو فرمایا ہے کہ اس کی اجازت کے بغیرکوئی پتہ بھی نہیں ہل سکتا ،  میری راہ نمائی فرمائیں کہ میری جب سے شادی ہوئی ہے پریشانی میں مبتلا رہتا ہوں اور میرا برا حادثہ ہوا اور 19 ماہ سے بیڈ پر ہوں۔

جواب

واضح رہے کہ جادو ایک مخفی تصرف کا نام ہے، جس میں شرکیہ کلمات اور شیاطین سے مدد حاصل کی جاتی ہے،اوراس کااثربھی ہواکرتاہے،لیکن جادو میں اثراللہ تعالیٰ ہی نےرکھاہے،لہٰذاجادو کومؤثرِحقیقی نہیں کہاجاسکتا،بل کہ ہرچیزمیں مؤثرِحقیقی صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ذات ہے،اس کے حکم کے بغیر کوئی کچھ نہیں کرسکتا، مخلوق میں سے جو کوئی، جو کچھ کرتا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کے ارادے اور حکم سے ہوتا ہے،جادو کی مثال دواکی سی ہےکہ دواانسان کی صحت کاذریعہ اورسبب ہے،لیکن یہ دوامؤثرہونے میں اللہ تعالیٰ کےاذن و اجازت کی محتاج ہے،اس کی اجازت نہ ہوتومفیدسےمفیدتر دوااثردکھانےمیں ناکام رہتی ہے۔

صورتِ مسئولہ میں سائل کوچاہیےکہ اپنےذہن کوان وساوس اورتوہمات سےپاک کرےکہ شادی کےبعدلوگ اس پرسحرکررہےہیں،اس سےجہاں سائل کونفسیاتی مسائل لاحق ہوسکتےہیں وہیں اعتقادات میں بگاڑکابھی خطرہ ہے،تاہم اپنےآپ کوہرقسم کی بُری نگاہ سےمحفوظ رکھنےکےلیے  ظاہری  و باطنی طہارت کا اہتمام اور پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کے ساتھ قرآنِ کریم کی تلاوت  اور قرآنی آیات پر مشتمل "منزل" نامی مجموعہ  (جو شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا رحمہ اللہ نے ترتیب دیا ہے، اس)  کی بھی باقاعدگی سے تلاوت کرے، نیز حفاظت  کی مسنون دعائیں ، آیۃ الکرسی اور آخری تین قُل یقین کے ساتھ صبح وشام پڑھنے کا اہتمام کرے، اور وساوس واوہام کی طرف بالکل توجہ نہ دے، ان شاء اللہ بہت جلد جادو کے اثرات ختم ہوجائیں گے، بوقتِ ضرورت کسی  مستندمتبعِ سنت  عالم سے براہِ راست رجوع کرکے مشورہ کرلیں۔ 

قرآن كريم میں ہے:

"وَمَا هُم بِضَارِّينَ بِهِ مِنْ أَحَدٍ إِلَّا بِإِذْنِ اللَّه ." (البقرة، الآية:102)

ترجمہ:" اوریہ ساحرلوگ اس کےذریعے سےکسی کوبھی ضررنہیں پہنچاسکتےمگرخداہی کے(تقدیری )حکم سے"۔(بیان القرآن)

فتاوی شامی میں ہے:

"‌السحر ‌حق ‌عندنا وجوده وتصوره وأثره."

(رد المحتار، المقدمة، مطلب في التنجيم والرمل، ج:1، ص:44 ط: سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144307102107

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں