بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نشہ کی حالت میں طلاق دینے سے طلاق کا حکم


سوال

 کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں :

1: شوہر بیوی میں کسی بات کو لیکر آپس میں جھگڑا ہوا،  جھگڑے کے دوران شوہر نے اپنی بیوی کو کہا کہ میں نے تجھے چھوڑدیا، جا میں نے تجھے چھوڑدیا،  پھر تین یا چار دن کے بعد شوہر اور بیوی کی ماں سے فون پر بات ہوئی فون پر ہی گفتگو کے دوران بیوی کی عدمِ موجود گی میں شوہر نے اپنی ساس سے کہا کہ میں نے اسکو چھوڑدیا،  ساس کے دو یا تین مرتبہ پوچھنے پر شوہر نے یہی لفظ دہرایا کہ میں نے اسکو چھوڑ دیا،  قرآن وحدیث وفقہ کی روشنی میں بیوی پر کونسی طلاق واقع ہوگی اور کتنی طلاق واقع ہوگی۔

 2:  کیا بحالت نشہ طلاق واقع ہوجاتی ہے؟

جواب

1: صورتِ مسئولہ میں جب شوہر نے بیوی سے دو مرتبہ کہا کہ"میں نے تجھے چھوڑدیا"تو مذکورہ الفاظ سے بیوی پر دو طلاقیں واقع ہوچکی ہے، اس کے بعد کہ شوہر نے بیوی کی عدمِ موجودگی میں  جو جملہ " میں نے اس کو چھوڑدیا" کہا ہے تو اس جملہ سےمقصد اگر سابقہ طلاق کی خبر دینی ہے تو مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی، تاہم اگر مذکورہ جملہ بھی طلاق دینے کی غرض سے کہا تھاتو اس سے تیسری طلاق بھی واقع ہوگئی ہے، نکاح ختم ہوچکا ہے، اب مزید دونوں کے لئے ایک ساتھ رہنا جائز نہیں ہے، مطلقہ عدت گزار کر اپنی مرضی سے کہیں اور نکاح کرسکتی ہے۔

2: نشہ کی حالت میں بھی طلاق واقع ہوجاتی ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"وإذا قال: رہا کردم أي سرحتک یقع بہ الرجعي مع أن أصلہ کنایة أیضًا وما ذاک إلا لأنہ غلب في عرف الفرس استعمالہ في الطلاق وقد مر أن الصریح ما لم یستعمل إلا في الطلاق من أي لغةٍ کانت."

(كتاب الطلاق، باب الكنايات، ج:3، ص:299، ايج ايم سعيد)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"طلاق السكران واقع إذا سكر من الخمر أو النبيذ. وهو مذهب أصحابنا رحمهم الله تعالى كذا في المحيط".

( کتاب الطلاق، الباب الاول، فصل فیمن یقع طلاقہ و فیمن لا یقع طلاقہ، ج:1،  ص: 353، ط: مکتبہ رشیدیہ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144311100485

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں