بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پانی کے ٹینک میں گٹر کا پانی شامل ہوجائے تو اس پانی سے استنجا کرنا


سوال

اگر  پانی  کے ٹینک میں گٹر کا پانی شامل ہوجائے تو کیا اس پانی سے استنجا کرنا جائز ہے؟   کیا پانی کی جگہ ٹیشو پیپر استعمال کر سکتے ہیں؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں اگر واقعتًا  گٹر  کا ناپاک پانی ٹینک میں داخل ہوجائے  اور ٹینک 225 اسکوائر فٹ سے کم رقبے پر ہو، یا رقبہ تو اس سے زیادہ ہو لیکن ناپاک پانی  کی وجہ سے  ٹینک کے پانی میں   بدبو  پیدا ہوگئی یا پانی کا ذائقہ تبدیل ہوگیا یا رنگ تبدیل ہوگیا تو   یہ پانی شرعاً ناپاک ہے، اور ایسی صورت میں  ٹینک کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ساراپانی نکال کر اسے دھو لیا جائے   کہ اس کی بدبو وغیرہ ختم ہوجائے، یا اگر سارے پانی کااخراج ممکن نہ ہو تو  ٹینک  میں مزیداس قدر صاف پانی داخل کیاجائےکہ  پانی نکل کر بہتارہے، (یعنی جس وقت  ایک طرف سے پانی داخل کیا جارہاہو، اسی وقت دوسری طرف سے جاری کردیا جائے، مثلًا: جس وقت لائن کا پانی آرہاہو، اس وقت ٹینکی میں پانی چھوڑ دیا جائے اور دوسری طرف سے پانی جاری کردیا جائے)  یہاں تک کہ  بالکل صاف ہوجائے اور رنگ اور  بدبو ختم ہوجائے، اس طرح ٹینک اور اس کا پانی پاک ہوجائے گا۔

اور جب تک ٹینکی کو پاک نہ کر لیا جائے تب تک اس پانی سے وضو کرنا جائز نہیں ہے، نیز اس سے استنجا کی صورت میں نجاست کا جسم تو زائل ہوجائے گا، لیکن  یہ  نجس پانی بدن پر لگ جائے گا، اس سے بدن ناپاک ہی رہے گا، بلکہ زیادہ حصہ ناپاک ہوجائے گا؛ لہذا اس پانی کی  بجائے ٹیشو پیپر ہی استعمال کرے، اور اگر نجاست شرم گاہ سے زیادہ پھیلی ہوئی ہو تو کسی جگہ سے پاک پانی کا انتظام کرکے اسے دھوکر پاک کرے۔

المحیط البرہانی میں ہے:

"ويجوز التوضؤ بالماء الجاري، ولايحكم بتنجسه لوقوع النجاسة فيه ما لم يتغير طعمه أو لونه أو ريحه، وبعدما تغير أحد هذه الأوصاف وحكم بنجاسته لايحكم بطهارته ما لم يزل ذلك التغير بأن يزاد عليه ماء طاهر حتى نزيل ذلك التغير، وهذا؛ لأن إزالة عين النجاسة عن الماء غير ممكن فيقام زوال ذلك التغير الذي حكم بالنجاسة لأجله مقام زوال عين النجاسة" .  (1/83)

فتاوی عالمگیری میں ہے:

" الماء الجاري بعدما تغير أحد أوصافه وحكم بنجاسته لايحكم بطهارته ما لم يزل ذلك التغير بأن يرد عليه ماء طاهر حتى يزيل ذلك التغير" . (1/232)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208201260

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں