میرا سوال یہ ہے کہ پلےاسٹور(Play Store) پر ایک ایپلیکشن ہے، جس کا نام نوتھینکس(No Thanks) ہے،اوراِس ایپ کے ذریعہ مختلف کمپنیوں کی تیار کردہ اشیاء پر لگے بارکیپچہ (بار کوڈ) کو اسکین کرکے یہ معلومات حاصل ہوتی ہے کہ کون سی چیز/پروڈکٹ اسرائیلی کمپنیوں کی تیار کردہ ہے اور کون سی انڈین ہے۔
میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ اِس ایپ کا استعمال کیسا ہے؟
No Thanks کے نام سے موجود مذکورہ ایپ کے حوالہ سے مبینہ طور پردستیاب معلومات کے مطابق یہ اسرائیلی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم میں معاونت کے لیے بنائی گئی ہے،لہذا اسرائیلی مصنوعات کے حوالہ سےاگرواقعۃً اِس کی دستیاب معلومات درست ہیں، نیزازروئے شرع دوسری کسی قسم خرابی بھی نہ پائی جائے تو فی نفسہٖ اِس کے استعمال میں شرعاً حرج نہیں ہے۔
مبسوط سرخسی میں ہے:
"أن الأصل في الأشياء الإباحة، وأن الحرمة بالنهي عنها شرعا."
(كتاب الإكراه، باب تعدي العامل، ج:24، ص:77، ط:دارالمعرفة)
فتاوی شامی میں ہے:
"مطلب المختار أن الأصل في الأشياء الإباحة
أقول: وصرح في التحرير بأن المختار أن الأصل الإباحة عند الجمهور من الحنفية والشافعية اهـ وتبعه تلميذه العلامة قاسم، وجرى عليه في الهداية من فصل الحداد، وفي الخانية من أوائل الحظر والإباحة."
(كتاب الطهارة، ج:1، ص:105، ط:سعيد)
فقط والله تعالى اعلم
فتوی نمبر : 144601101445
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن