میں نے میزان بینک سے Islamic Finance Certificate خریدے ہیں۔ جن کی میعاد ایک سال چھ ماہ ہے۔ اور میں نے 16 لاکھ روپے دیے ہیں۔ اور مدت پورے ہونے کے بعد مجھے میرے پیسے واپس ملیں گے۔ اب میرا سوال یہ ہے کیا میں ان 16 لاکھ پر زکاۃ ادا کروں گا اس سال کہ نہیں؟ کیا میں اس وقت صاحبِ نصاب ہوں یا نہیں؟
مذکورہ سرٹیفیکیٹ اگر مشارکہ یا مضاربہ کی بنیاد پر لیے گئے ہوں تو آپ کا سرمایہ ان کے پاس بطورِ امانت ہے جس کی زکاۃ آپ پر لازم ہے۔اور مذکورہ رقم کا مالک صاحبِ نصاب ہے، لہذا جب آپ کی زکاۃ ادا کرنے کی تاریخ آئے جس پر آپ کا صاحبِ نصاب بننے کے بعد سے سال مکمل ہوتا ہو ، اس سال آپ مذکورہ رقم کی ڈھائی فیصد زکاۃ ادا کریں گے۔
باقی دیگر بینکوں کی طرح مروجہ اسلامی بینکوں سے تمویلی معاملات کرنا بھی ناجائزہے، لہٰذا اگر آپ کو اس سے نفع حاصل ہو تو اس کا استعمال جائز نہیں ہوگا، زکاۃ اصل رقم پر لازم ہوگی، نفع کی مد سے پیسے وصول کرنا درست نہیں ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144108201821
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن