بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اشتہار دیکھ کر پیسے کمانا


سوال

 ایک آن لائن کمپنی ہے جس کا نام ہے ایڈ سینس، ایک طرح سے ویب سائٹ ہے ، اگر آپ کو کمپنی کے ساتھ کام کرنا ہے تو آپ نے سب سے پہلے اکاؤنٹ بنانا ہے، اور پھر آپ نے انویسمنٹ کرنی ہے، پانچ ہزار سے شروع ہوتی ہے لاکھوں تک جتنا آپ انویسٹ کرنا  چاہیں کر سکتے ہیں، اُس کے بعد ان کا طریقہ کار کچھ یوں ہے کہ کمپنی کے منیجر وغیرہ ہوتے ہیں ہر علاقے میں، اُن سے آپ نے پوائنٹس خریدنے ہیں، سو روپے کا ایک پوائنٹس پھر اُسی پوائنٹس کے ساتھ آپ آگے کام کرو گے، یعنی یہ صرف ایک فرضی عمل ہے، جو کہ اکثر ان لائن بزنس میں ہوتا ہے، اب جو بندہ انویسٹ کرتا ہے وہ کام کیا کرے گا؟

تو اُس کا طریقہ کار کچھ یوں ہے کہ آپ نے ویب سائٹ پر جانا ہے اکاؤنٹ لاگ ان کرنا ہے اور وہاں پر ہر دن صرف بیس سیکنڈ اشتہارات دیکھنے ہیں، مختلف قسم کے تصویری اشتہارات ہوتے ہیں دو یا تین قسم کے اشتہار ہوتے ہیں، بس آپ نے بیس سیکنڈ اشتہار دیکھنا ہے چوبیس گھنٹے  میں ایک بار، اُس کے بعد آپ کا کام ختم یعنی چوبیس گھنٹوں میں آپ نے صرف بیس سیکنڈ کام کرنا ہے، اب بیس سیکنڈ کے کتنے پیسے بنتے ہیں؟ اس کا طریقہ کار کچھ اس طرح ہے کہ ہر شخص کی آمدنی اُس کے انویسمنٹ کے حساب سے ہوتی ہے، یعنی اگر آپ پانچ ہزار انویسٹ کرو گے تو دن کے صرف 25,26 روپے ملیں گے، اس طرح اگر پچاس ہزار انویسٹ کرو گے تو دن کے 250,260 روپے ملے گے یہ رقم کم زیادہ بھی ہو سکتی ہے، ہفتہ اتوار کو چھٹی کی وجہ سے بہت کمی دیکھنے کو ملتی ہے، اسی طرح جتنی آپ کی انویسمنٹ زیادہ ہوگی اتنی ہی آپ کی آمدنی زیادہ ہوگی، لیکن آپ کو ایک دن کی آمدنی تب ملے گی جب آپ چوبیس گھنٹوں میں بیس سیکنڈ کے اشتہار دیکھو گے، یعنی آپ نے بیس سیکنڈ کام کرنا ہے بیس سیکنڈ کے اشتہار دیکھنے ہیں، جس دن آپ کام نہیں کرو گے اُس دن آپ کو روپے نہیں  ملیں گے۔

اب جس شخص نے انویسمنٹ کی ہے اُس شخص کو پیسے کیسے  ملیں گے؟ اُس کا طریقہ کار کچھ یوں ہے کہ جب آپ بیس سیکنڈ کے اشتہار دیکھو گے تو آپ کے اکاؤنٹ میں آپ کی آمدنی کے حساب سے آپ کو پوائنٹ ملے گے یعنی جیسا کہ میں نے شروع میں بتایا کہ اگر آپ پانچ ہزار انویسٹ کرو گے تو آپ کو یومیہ 25,26 روپے ملے گے ، لیکن بیس سیکنڈ کے اشتہار دیکھنے کے بعد آپ کو یہاں پوائنٹس  ملیں گے،  مثلاً  25 روپے  کی جگہ آپ کو  2.5  پوائنٹس   ملیں گے جو  کہ آپ کے اکاؤنٹ  میں ایڈ  ہوں گے، اب اگر آپ نے اپنی آمدنی لینی ہے یعنی آپ کو آپ کا منافع  چاہیے، تو آپ نے وہ پوائنٹس جو ( کمپنی نے آپ کے اکاؤنٹ میں جمع  کردیے ہیں ) اپنے ایریا کے منیجر کو سینڈ کرنے ہیں،  اُس کے بعد پھر منیجر آپ کو پوانٹس کے بدلے آپ کی آمدنی سینڈ کر دے گا۔

برائے مہربانی تسلی بخش جواب  دیجیے، اس وقت پاکستان میں لاکھوں لوگ اس ویب سائٹ کے ساتھ وابستہ ہیں:

Company / website Name : Adisense

جواب

         اس طریقہ کار پر کام کرکے پیسہ کمانا درج ذیل وجوہات کی بنا پر ناجائز ہے:

1۔۔   اس میں ایسے لوگ  پراڈکٹ کے اشتہارات کو دیکھتے ہیں جن کایہ چیزیں لینے کا کوئی ارادہ ہی نہیں، بائع کو ایسے دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ دکھانا جو کہ کسی طرح بھی خریدار نہیں، یہ بیچنے والے کے ساتھ  ایک قسم کا دھوکا ہے۔

2۔ اس میں کلک کرنے والا ایک ہی شخص کئی بار کلک کرتا ہے،  جس سے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ اشتہار دیکھنے والے بہت سے لوگ ہیں، جس سے اشتہار دینے والوں کی ریٹنگ بڑھتی ہے، حالاں کہ یہ بات بھی خلاف واقعہ اور دھوکا دہی ہے۔

3۔۔ نیز ایڈ پر کلک ایسی چیز نہیں ہے جس منفعت مقصودہ ہے، اس لیے یہ اجارہ صحیح نہیں ہے۔

4۔۔  اگر ان اشتہارات میں جان دار کی تصاویر یا خواتین کے تصاویر بھی ہوں تو یہ اس پر مستزاد قباحت ہے، اس لیے کہ  جان دار کی تصویر  کسی بھی طرح کی ہو اس کا دیکھنا جائز نہیں؛ لہذا اس پر جو اجرت  لی جائے گی وہ بھی جائز نہ ہوگی، اور  خواتین کو دیکھنا  بدنظری کی وجہ سے مستقل گناہ ہے۔

5۔  نیز اگر اس معاملے میں  اس سائٹ کی پبلسٹی اس طرح کی جائے کہ پہلے اکاؤنٹ بنانے والے کوہر نئے اکاؤنٹ بنانے والے پر کمیشن ملتا رہتا ہے جب کہ  اس نے  اس نئےاکاؤنٹ بنوانے میں کوئی عمل نہیں کیا، تو یہ بھی اس کے ناجائز ہونے کی ایک مستقل وجہ ہوگی۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144204200307

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں