بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

اشکاب نام رکنے کا حکم، اور اس کا معنی


سوال

اشکاب نام رکھنا جائز ہے؟ نیز اس کا معنی کیا ہے؟ اور کیا صحیح  بخاری کے راوی احمد کے والد اشکاب مسلمان تھے؟

جواب

کلام عرب میں اشکاب کا مطلب ہے: بدلہ دینا ، عطا کرنا ۔

"الشكب: العطاء أو الجزاء "لغة في الميم"

الشكبان: شباك من ليف وخوص لها عرىً واسعة يتقلدها الحشاش في البادية يحتشُّ فيها، أو ثوب يعقد طرفاه من وراء الحقوين والطرفان في الرأس يحش فيه الحشاش على الظهر، ويسمى الحال.

ومن أسمائهم: شُكَيْبان، وأشكاب".

(معجم متن اللغة، أحمد رضا، ج:3، ص: 353، ط: دار مكتبة الحياة، 1378ه-1959م)

 

لہذا مذکورہ معنی کی وجہ سے یہ نام رکھنا صحیح ہوگا۔ اور اس کو اِشْکَاب اور اَشْکاب دونوں طرح پڑھ سکتے ہیں۔

"أحمد بن إشكاب بكسر الهمزة وفتحها وسكون الشين المعجمة".

(عمدة القاري شرح صحيح البخاري،ج  :17، ص: 222،ط: دار الفکر)

صحح بخاری کے راوی احمد  بن اشکاب کے والد کے نام میں محدثین کے مختلف اقوال ہیں :

پہلا قول: اشکاب ان کے والد کا لقب تھا ، اور ان کا نام مجمع یا معمر یا عبید اللہ تھا۔

"أَحْمَد بن إشكاب الحضرمي، أَبُو عَبْد اللَّهِ الصفار الكوفي، نزيل مصر. أحمد بن إشكاب بكسر الهمزة وسكون المعجمة وآخره موحدة غير منصرف؛ لإنه أعجمي، وقيل: بل عربي، فينصرف، وهو لقب، واسمه مجمع، وقيل: معمر، وقيل: عبيدالله."

(فتح الباري لابن حجر، ج:13، ص:540، ط:السلفية)

دوسرا قول : ان کے والد کا نام معمر یا عبید اللہ تھا، اور اشکاب ان کے دادا  کا لقب تھا۔

"وقيل: أَحْمَد بْن معمر بن إشكاب

وقيل: أَحْمَد بْن عُبَيد اللَّهِ بْن إشكاب."

(تهذيب الكمال في أسماء الرجال، جمال الدين المزي، ج:1، ص:267،268، تحقيق: بشار عواد معروف، ط: مؤسسة الرسالة، الثانية، 1403ه-1983)

احمد کے والد اشکاب کے حالات  کافی تلاش  کے باوجود دستیاب مصادر و مراجع میں نہیں ملے، البتہ بعض قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے والد مسلمان تھے:

1: اشکاب  نام ان کے علاوہ دیگر حضرات کا بھی رہا ہے، جن میں سرفہرست محمد کے والد حسین ابن ابراہیم بھی ہیں ان کا لقب بھی اشکاب تھا۔

"محمد بن ‌إشكاب، أبو جعفر العامري البغدادي

‌وإشكاب لقب، واسمه الحسين بن إبراهيم بن الحر بن زعلان."

(تجريد الأسماء والكنى المذكورة في كتاب المتفق والمفترق، أبو القاسم ابن الفراء الحنبلي (ت580ه)، ج:2، ص: 202، ط:مكتبة ابن عباس)

2: حافظ  ابن حجر رحمہ اللہ نے فتح الباری میں لکھا ہے کہ احمد کے والد کے نام کے بارے میں تین اقوال ہیں:

1: مجمع، 2:معمر، اور 3:عبیداللہ ۔یہ تینوں نام مسلمانوں والے ہیں، اس لیےبظاہر  قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے والد مسلمان تھے۔

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144502102194

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں