بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

امام یا مؤذن مسجد کمیٹی کا ممبر ہو تب بھی اس کے لیے تنخواہ لینا جائز ہے


سوال

ایک شخص مسجد کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہاہے، تقریباً ڈیڑھ سال سے مسجد کے صدر نے تنخواہ دینی بند  کی ہےکہ آپ مسجد کے ممبر ہیں ،آپ کے لیے مسجد  کی خدمت کی تنخواہ  لینی جائز نہیں ہے۔ شریعت کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں کہ موصوف کے لیے مسجد کی صفائی کی مد میں تنخواہ لینا جائز ہے یا نہیں ؟نیز مسجد کا امام یا مؤذن کمیٹی کا رکن ہو تو ان کے لیے امامت یا مؤذنی کی تنخواہ لینا شرعاً جائز ہے؟

جواب

واضح رہے کہ مسجد کمیٹی کے ممبران کو بحیثیت ممبر تنخواہ  لینے کی اجازت نہیں ہوتی، لیکن ان ہی ممبران میں سے اگر کسی شخص کو مسجد میںکمیٹی کی جانب سے کسی دوسری خدمت مثلاً :امامت ،مؤذنی وغیرہ پر  مقرر کر لیا جائے تو اس شخص کے لیے کمیٹی کا ممبر ہونے کے باوجود اس خدمت کی تنخواہ لینا جائز ہے اور ایسی صورت میں یہ نہیں کہا جائے گا کہ اس نے ممبر ہونے کی تنخواہ لی ہے، بلکہ یہ تنخواہ اس اضافی خدمت کی ہے جو وہ اس مسجد میں سرانجام دے رہا ہے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر  مذکورہ شخص کومسجد کمیٹی تنخواہ پر صفائی کرنے کے لیے مقرر کرتی ہے تو اس کے لیے مسجد کمیٹی  کا ممبر ہونے کے باوجودمسجد کی صفائی وغیرہ کے بدلے تنخواہ لینا جائز ہے، لیکن اگر اسے مسجد کمیٹی نے تنخواہ پر صفائی کے لیے مقرر  نہیں کیا تو مسجد کی صفائی کے بدلے تنخواہ کا مطالبہ جائز نہیں،  اسی طرح اگر کوئی امام یا مؤذن مسجد کمیٹی کا رکن ہو اور مسجد کمیٹی اسے تنخواہ پر امام یا مؤذن مقرر کرے  تو اس کے لیے بھی امامت یا مؤذنی کی تنخواہ لینا جائز ہے۔

فتاوی ہندیہ میں ہے: 

"سئل الفقيه أبو القاسم عن قيم مسجد جعله القاضي قيمًا على غلاتها و جعل له شيئًا معلومًا يأخذه كل سنة حل له الأخذ إن كان مقدار أجر مثله، كذا في المحيط."

(كتاب الوقف، الباب الحادي عشر في المسجد و ما يتعلق به، الفصل الثاني في الوقف و تصرف القيم وغيره في مال الوقف عليه2/ 461، ط: رشيدية)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144308100887

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں