بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

امام العصر حضرت مولانا محمد انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کے حافظے سے متعلق ایک واقعہ


سوال

کیا یہ درست ہے کہ  علامہ انور شاہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ   ایک مرتبہ کوئی کتاب پڑھ لیتے یا دیکھ لیتے تو چالیس سال تک  یاد رہتی تھی؟

جواب

 ماضی قریب میں امام العصر حضرت مولانا محمد انور شاہ کشمیری حمہ اللہ کو اللہ تعالی نے جس  غیر معمولی قوتِ   حافظہ سے نوازا تھا،  اس کی نظیر نہیں  ملتی، آپ کے صاحبزادے حضرت مولانا   انظر شاہ مسعودی رحمہ اللہ   نے ’’ حیات ِ  محدّث کشمیری المعروف بہ نقشِ دوام ‘‘ کے نام  آپ کے حالاتِ زندگی پر  ایک کتاب  لکھی ہے، جس  میں انہوں نے ’’بے نظیر حافظہ ‘‘،’’وسعت ِ  نظر اور وسعت ِ مطالعہ ‘‘ کے عنوانات کے ذیل میں (ص:۱۲۳تا۱۳۵) پر آپ کے غیر معمولی قوتِ حافظہ اور اس سے متعلق مختلف واقعات  ذکرکیے ہیں ،  کتاب کے مذکورہ حصہ کا مطالعہ کرنے سے آپ کے غیر معمولی قوتِ حافظہ کا اندازہ ہوگا، انہی واقعات کے ذیل میں ایک   واقعہ میں چالیس سال بعد بھی ایک کتاب کےمندرجات یاد ہونا کا ذکر ہے، حضرت  مولانا  انظر  شاہ مسعودی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

’’اس سے زیادہ دل چسپ واقعہ  مولانا محمد طیب صاحب مہتممِ دار العلوم کا ہے ، جس زمانہ میں وہ مشاہیر کا تذکرہ ترتیب دے رہے تھے تو ابوالحسن  کذّاب اور اس کی کذب بیانیوں کے حالات معلوم کرنا تھے، شاہ صاحب سے ان کے مرض الوفات میں دریافت فرمایاتو آپ نے  ابو الحسن کذّاب کا مفصل تذکرہ بقیدِ سنین بیان کرڈالا، اور فرمایاکہ چالیس سال پہلے ابو الحسن سے متعلق ایک کتاب مطالعہ سے گزری تھی ، اس وقت آپ کے سوال پر وہی محفوظ چیزیں ذکر کرتا ہوں ‘‘۔

(حیات محدّث کشمیری، عنوان:بے نظیر حافظہ ، ص:۱۳۱، ط:شاہ بکڈپو،دیوبند،یو،پی)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144504101140

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں