بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

امام اور مقتدی میں فاصلہ / آن لائن نماز کی جماعت


سوال

 جماعت سے نماز پڑھتے وقت امام اور مقتدی میں کتنا فاصلہ ہونا چاہیے؟  کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ دونوں صورتوں کی مکمل مع دلائل وضاحت فرما دیں۔ نیز موجودہ زمانے میں آن  لائن نماز پڑھنا کیسا ہے؟

جواب

امام کی اقتدا درست ہونے کے لیے یہ ضروری ہے کہ امام مقتدی سے آگے کھڑا ہو، اگر مقتدی ایک ہو تو وہ امام کے دائیں طرف چار انگلیوں کے بقدر پیچھے ہو کر کھڑا ہو، اور اگر مقتدی زیادہ ہوں تو وہ امام سے پچھلی صف میں کھڑے ہوں۔

البتہ اگر جگہ کی تنگی، بارش یا دیگر عذر کی وجہ سے امام کے برابری میں صرف چار انگل پیچھے صف بنالیں تو اس کی بھی گنجائش ہے۔

 نیز صفوں کی درستی اور انہیں پُر کرنا شریعت کے احکامات میں سے ایک اہم حکم اور نماز کا حصہ ہے، نبی کریم ﷺنے صفوں کے درست کرنے کو نماز کی تکمیل قرار دیاہے، اور اگلی صف میں جگہ موجود ہوتے ہوئے پچھلی صف میں کھڑے ہونے سے منع فرمایاہے، لہذا  شرعی مسجد کی حدود میں بھی امام کے بعد ایک صف خالی چھوڑ کر کھڑا ہونا مکروہ ہے، اسی طرح اگر دو صفوں کے درمیان ایک صف خالی چھوڑ کر صف بنائی جائے تو یہ بھی مکروہ ہے، تاہم شرعی مسجد کے احاطے میں اس طرح نماز ادا کرنے سے نماز ہوجائے گی۔ اور مسجدِ شرعی سے باہر اگر کوئی امام کی اقتدا کرتاہے تو اگر امام اور مقتدی کے درمیان یا دو صفوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہو، جس میں دو صفیں بنائی جاسکتی ہوں یا راستہ ہو جس سے گاڑی گزر سکتی ہو، تو صفوں میں اتصال نہ ہونے کی وجہ سے پیچھے والوں کی اقتدا درست نہیں ہوگی۔

2۔۔ نماز کی جماعت درست ہونے کے لیے امام اور مقتدی کی جگہ کا حقیقتاً یا حکماً متحد ہونا ضروری ہے، امام کی اقتدا  میں گھر سے آن لائن نماز پڑھنے کا شریعت میں تصور نہیں ہے، اور ایسے مقتدیوں کی نماز بھی نہیں ہوگی۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 586):
"(والحائل لا يمنع) الاقتداء (إن لم يشتبه حال إمامه) بسماع أو رؤية ولو من باب مشبك يمنع الوصول في الأصح (ولم يختلف المكان) حقيقة كمسجد وبيت في الأصح قنية، ولا حكما عند اتصال الصفوف؛ ولو اقتدى من سطح داره المتصلة بالمسجد لم يجز لاختلاف المكان درر وبحر وغيرهما وأقره المصنف لكن تعقبه في الشرنبلالية ونقل عن البرهان وغيره أن الصحيح اعتبار الاشتباه فقط. قلت: وفي الأشباه وزواهر الجواهر ومفتاح السعادة أنه الأصح. وفي النهر عن الزاد أنه اختيار جماعة من المتأخرين.

(قوله: ولم يختلف المكان) أي مكان المقتدي والإمام. وحاصله أنه اشترط عدم الاشتباه وعدم اختلاف المكان، ومفهومه أنه لو وجد كل من الاشتباه والاختلاف أو أحدهما فقط منع الاقتداء، لكن المنع باختلاف المكان فقط فيه كلام يأتي (قوله: كمسجد وبيت) فإن المسجد مكان واحد، ولذا لم يعتبر فيه الفصل بالخلاء إلا إذا كان المسجد كبيرا جدا وكذا البيت حكمه حكم المسجد في ذلك لا حكم الصحراء كما قدمناه عن القهستاني. وفي التتارخانية عن المحيط: ذكر السرخسي إذا لم يكن على الحائط العريض باب ولا ثقب؛ ففي رواية يمنع لاشتباه حال الإمام، وفي رواية لا يمنع وعليه عمل الناس بمكة، فإن الإمام يقف في مقام إبراهيم، وبعض الناس وراء الكعبة من الجانب الآخر وبينهم وبين الإمام الكعبة ولم يمنعهم أحد من ذلك. اهـ".

البحر الرائق شرح كنز الدقائق   میں ہے:

"وينبغي للقوم إذا قاموا إلى الصلاة أن يتراصوا ويسدوا الخلل ويسووا بين مناكبهم في الصفوف، ولا بأس أن يأمرهم الإمام بذلك، وينبغي أن يكملوا ما يلي الإمام من الصفوف، ثم ما يلي ما يليه، وهلمّ جرًّا، وإذا استوى جانبا الإمام فإنه يقوم الجائي عن يمينه، وإن ترجح اليمين فإنه يقوم عن يساره، وإن وجد في الصف فرجه سدّها، وإلا فينتظر حتى يجيء آخر كما قدمناه، وفي فتح القدير: وروى أبو داود والإمام أحمد عن ابن عمر أنه قال: أقيموا الصفوف وحاذوا بين المناكب وسدوا الخلل ولينوا بأيديكم ( ( ( بأيدي ) ) ) إخوانكم لاتذروا فرجات للشيطان، من وصل صفًّا وصله الله، ومن قطع صفًّا قطعه الله. وروى البزار بإسناد حسن عنه من سدّ فرجةً في الصفّ غفر له. وفي أبي داود عنه: قال: خياركم ألينكم مناكب في الصلاة".( 1 / 375)

وفیہ ایضا :
"وذكر الإسبيجابي أنه لو كان معه رجلان فإمامهم بالخيار إن شاء تقدم، وإن شاء أقام فيما بينهما، ولو كانوا جماعةً فينبغي للإمام أن يتقدم، ولو لم يتقدم إلا أنه أقام على ميمنة الصف أو على ميسرته أو قام في وسط الصف فإنه يجوز ويكره". (1/ 374) فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144109203301

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں