بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اجارہ فاسدہ کا حکم


سوال

گائے کی قیمت 20000روپے ہے۔مالک نے ایک آدمی سے کہا کہ اسے فروخت کردو، جتنا منافع  ہوگا اس میں سے آدھا یا تہائی  دوں گا۔ گائے اسی قیمت یعنی 20000 روپے میں فروخت ہوئی۔اب مالک اس شخص کو کیا ادا کرے گا؟

جواب

واضح رہے کہ کسی شخص کو اپنا کوئی سامان بیچنے کے لیے اجرت کے عوض وکیل بنانا شرعاً اجارہ کا معاملہ  کہلاتا ہے، اور اس میں بنیادی طور پر یہ ضروری ہے کہ عقد کے وقت اجرت رقم کی صورت میں مقرر کرلی جائے، اگر عقد کے وقت اجرت رقم کی صورت میں متعین نہ ہو تو ایسا معاملہ فاسد ہوجاتا ہے،  اور اجارہ فاسد میں اجرتِ مثل  (مارکیٹ ویلیو) لازم ہوتی ہے، یعنی اس جیسا دوسرا شخص اس  جیسے کام کی جتنی اجرت لیتا ہے، کام کرنے والے کو اتنی اجرت ملے گی۔

 لہذا صورتِ  مسئولہ میں جب ایک آدمی نے دوسرے آدمی کو  گائے بیچنے کے لیے دی اور اس کی  اجرت رقم کی صورت میں  متعین نہیں کی  تو ایسی صورت میں اس آدمی کو اجرتِ مثل ملے گی۔

اگر بائع کو یہ گائے بیس ہزار میں ہی فروخت کرنی تھی تو اجارہ کا معاملہ کرنے کی بجائے فروخت کا معاملہ کرتا، یعنی یوں طے کرتا کہ یہ گائے میں نے آپ کو بیس ہزار میں فروخت کردی، اور دوسرا شخص اسے قبول کرلیتا، سودا مکمل ہونے کے بعد وہ جتنے میں چاہتا فروخت کرتا، بائع کو بیس ہزار مکمل ملتے، اور اگلا سودا بیس ہزار سے اوپر جتنے میں ہوتا وہ پہلے خریدار کا نفع ہوتا۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6 / 5):

"وشرطها كون الأجرة والمنفعة معلومتين؛ لأن جهالتهما تفضي إلى المنازعة.

در المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6 / 45):

"(الفاسد) من العقود (ما كان مشروعاً بأصله دون وصفه، والباطل ما ليس مشروعاً أصلاً) لا بأصله ولا بوصفه (وحكم الأول) وهو الفاسد (وجوب أجر المثل الاستعمال) لو المسمى معلوماً، ابن كمال. 

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6 / 46):

"(تفسد الإجارة بالشروط المخالفة لمقتضى العقد فكل ما أفسد البيع) مما مر (يفسدها) كجهالة مأجور أو أجرة أو مدة أو عمل".

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208201202

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں