آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد صاحب کے کتنے بھائی تھے؟ اور آپ کی والدہ کی بہنیں کتنی تھیں؟
(1)حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ۔
(2) حضرت عباس رضی اللہ عنہ۔
(3)ابو طالب (جن کا نام عبد مناف تھا)۔
(4)ابو لہب (جس کا نام عبد العزی تھا)۔
(5)زبیر۔
(6)عبد الکعبہ۔
(7)مقوم۔
(8)ضرار۔
(9)قثم۔
(10مغیرہ (جن کا نام حجل تھا) ۔
(11) غیداق (جن کا نام مصعب تھا)۔
بعض مورخین نے درج ذیل دو حضرات کو بھی آپﷺ کے چچاؤں میں ذکر کیا ہے:
(12)نوفل ۔
(13)عوام ۔
’’زاد المعاد في هدي خير العباد لابن القيم (المتوفي : 751ھ)‘‘ میں ہے:
"فصل فِي أَعْمَامِهِ وَعَمَّاتِهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
فَمِنْهُمْ: أَسَدُ اللَّهِ وَأَسَدُ رَسُولِهِ سَيِّدُ الشُّهَدَاءِ حَمْزَةُ بْنُ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ، والعباس، وأبو طالب واسمه عبد مناف، وأبو لهب واسمه عبد العزى، والزبير، وعبد الكعبة، والمقوم، وضرار، وقثم، والمغيرة ولقبه حجل، والغيداق واسمه مصعب، وَقِيلَ: نوفل، وَزَادَ بَعْضُهُمُ: العوام، وَلَمْ يُسْلِمْ مِنْهُمْ إِلَّا حمزة، والعباس."
(زاد المعاد في هدي خير العباد،فصل فِي أَعْمَامِهِ وَعَمَّاتِهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، (1 / 101 و102)،مؤسسة الرسالة، بيروت)
حضور ﷺ کی والدہ ’’آمنہ بنت وهب‘‘ اپنی والدہ ’’برّۃ بنت عبد العزی‘‘ کے بطن سے اکلوتي بیٹی ہیں كه ’’برّة بنت عبد العزى‘‘ كي ’’حضرت آمنہ ‘‘ کے علاوہ کسی اور اَولاد وغیرہ کا تذکرہ کتب سیرت وغیرہ میں نہیں ملتا۔
’’دلائل النبوۃ للبیہقی (المتوفي: 458ھ)‘‘ میں ہے :
" عَنِ الزُّهْرِيِّ، قَالَ:أُمُّ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الَّتِي وَلَدَتْهُ: آمِنَةُ بِنْتُ وَهْبِ بْنِ عَبْدِ مَنَافِ بْنِ زُهْرَةَ بْنِ كِلَابٍ، وَأُمُّهَا بَرَّةُ بِنْتُ عَبْدِ الْعُزَّى بْنِ عُثْمَانَ بْنِ عَبْدِ الدَّارِ بْنِ قُصَيِّ بْنِ كِلَابِ بْنِ مُرَّةَ. "
(دلائل النبوة، (1/ 183)، ط/ دار الكتب العلمية - بيروت)
لهذا اس اعتبارسے حضور ﷺ کے حقیقی ماموں اور خالائیں نہ تھیں، البتہ آپ (آمنہ بنت وہب) کے والد ’’وہب بن عبد مناف‘‘ کی ایک دوسری بیوی’’ضعیفہ بنت هاشم‘‘ تھیں، جن سے اُن(والدِحضرتِ آمنہ) کےدو بیٹے : (۱) عبد یغوث (۲) عبید یغوث تھے، یوں یہ دونوں حضور ﷺ کے سوتیلے ماموں ہوئے ۔
’’المنمق في أخبار قريش لابن حبيب (المتوفي: 245ھ)‘‘ میں ہے:
" وكان أول فرقة دخلت بين قريش أن أمية بن عبد شمس كان رجلا حلوا جميلا وكان يمر بوهب بن عبد مناف بن زهرة وعند وهب يومئذ امرأتان إحداهما ضعيفة بنت هاشم بن عبد مناف، وهي أم عبد يغوث وعبيد يغوث ابني وهب بن عبد مناف، وعنده برة بنت عبد العزى بن عثمان بن عبد الدار بن قصي، وهي أم آمنة بنت وهب أم رسول الله صلى الله عليه وسلم فلما جعل يمر به فيكثر، وجد من ذلك في نفسه ... "
(المنمق في أخبار قريش، قصة زهرة وأمية، (ص: 48)، ط/ عالم الكتب، بيروت)
لیکن ’’بنو زہرہ‘‘ قبیلے کے لوگ حضرت آمنہ سے اپنے خاندانی تعلق ورشتہ داری کی بنیاد پر کہا کرتے تھے کہ وہ نبی ﷺ کے ننھیالی رشتہ دار یعنی ماموں اورممانیاں ہیں، اور اس نسبت سےوہ اعزاز حاصل کیا کرتے تھے۔
’’السيرة النبوية وأخبار الخلفاء لابن حبان البستی (المتوفى: 354ھ)‘‘ میں ہے :
"وأم رسول الله صلى الله عليه وسلم آمنة بنت وهب بن عبد مناف بن زهرة بن كلاب بن مرة بن كعب بن لؤي بن غالب. ولم يكن لها أخ - فيكون خالا للنبي صلى الله عليه وسلم - إلا عبد يغوث بن وهب، ولكن بنو زهرة يقولون: إنهم أخوال رسول صلى الله عليه وسلم، لأن آمنة أم رسول الله صلى الله عليه وسلم كانت منهم. "
(السيرة النبوية وأخبار الخلفاء، (1/ 44)، ط/ الكتب الثقافية - بيروت)
يهي وجه ہے کہ خود حضورﷺ بھی قبیلہ ’’بنو زہرہ‘‘ کو اپنے ننہیال کے طور پر متعارف کروایا کرتے تھے، چنانچہ مشہورصحابی حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ جن کا تعلق ’’بنو زہرہ‘‘ سے تھا (کہ حضرت آمنہ کے چچا وہیب کے بیٹے مالک حضرت سعد کے والد تھے) ، ان کے بارے میں حضور ﷺ نے فرمایا: ’’یہ سعد میرے ماموں ہیں ، کسی کا ماموں ان جیسا ہو تو مجھے دکھائے‘‘۔
’’سنن الترمذی (المتوفى: 279ھ)‘‘ میں ہے:
" عن جابر بن عبد الله، قال: أقبل سعد، فقال النبي صلى الله عليه وسلم: هذا خالي فليرني امرؤ خاله. "
(سنن الترمذي، باب مناقب سعد بن أبي وقاص رضي الله عنه، واسم أبي وقاص: مالك بن وهيب، (6/ 105) برقم (3752)، ط/ دار الغرب الإسلامي - بيروت)
جیسے بعض مَردوں کو اس قبیلہ کے تعلق کی بنیاد پر حضور ﷺ کا ماموں قرار دیا گیا ہے تواسی وجہ سے اس قبیلہ کی بعض عورتوں کو بھی حضور ﷺ کی خالاؤں کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے ، چنانچہ علماء کرام نے قبیلہ ’’بنو زہرہ‘‘ کی تين عورتوں کے بارے صراحت سے لکھا ہے کہ وہ حضور ﷺ کی خالائیں ہیں : (۱) فاختة بنت عمر و الزہریۃ (۲) فريعة بنت وہب الزہریۃ (3)هالة بنت وهب ۔
’’السيرة النبوية وأخبار الخلفاء لابن حبان البستی (المتوفى: 354ھ)‘‘اور ’’دلائل النبوۃ للبیہقی (المتوفي: 458ھ)‘‘ میں ہے :
" وقد كان مع رسول الله صلى الله عليه وسلم مولى لخالته فاختة بنت عمرو بن عائذ يقال له: ماتع، مخنث ... "
(السيرة النبوية وأخبار الخلفاء، (1/ 354)، ط/ الكتب الثقافية - بيروت)
(دلائل النبوة، (5/ 160)، ط/ دار الكتب العلمية - بيروت)
’’أسد الغابة لابن الاثير (المتوفى: 630هـ)‘‘ اور ’’الإصابة في تمييز الصحابة لابن حجر (المتوفی:852ھ)‘‘ میں ہے :
" فاختة بنت عمرو الزهرية خالة النبي صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
(2337) أخبرنا أبو موسى، إجازة، أخبرنا أبو غالب، أخبرنا أبو بكر.ح قال أبو موسى: وأخبرنا الحسن، أخبرنا أبو نعيم، قالا: حدثنا سليمان بن أحمد، حدثنا محمد بن عبد الله الحضرمي، حدثنا معمر بن بكار السعدي، حدثنا عثمان بن عبد الرحمن، عن محمد بن المنكدر، عن جابر بن عبد الله، قال: سمعت رسول الله صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يقول: " وهبت خالتي فاختة بنت عمرو غلاما، وأمرتها أن لا تجعله جازرا ولا صائغا ولا حجاما.أخرجه أبو نعيم، وأبو موسى . "
(أسد الغابة في معرفة الصحابة، (7/ 209) رقم الترجمة (7166)، ط/ دار الكتب العلمية، بيروت)
(الإصابة في تمييز الصحابة، (8/ 47) رقم الترجمة (11570)، ط/ دار الجيل، بيروت)
’’الثقات لابن حبان البستی (المتوفى: 354ھ)‘‘ اور’’أسد الغابة لابن الاثير (المتوفى: 630هـ)‘‘ اور ’’الإصابة في تمييز الصحابة لابن حجر (المتوفی:852ھ)‘‘ میں ہے :
" الفريعة بنت وهب الزهرية رفعها النبي ﷺ بيده وقال من أراد أن ينظر إلى خالة رسول الله ﷺ فلينظر إلى هذه. "
(الثقات، باب الفاء، (3/ 337) رقم الترجمة (1106)، ط/ دار الفكر، بيروت)
(أسد الغابة في معرفة الصحابة، (7/ 230) رقم الترجمة (7208)، ط/ دار الكتب العلمية، بيروت)
(الإصابة في تمييز الصحابة، (8/ 74) رقم الترجمة (11626)، ط/ دار الجيل، بيروت)
ہالہ حضرت آمنہ بنت وہب کی چچا زاد بہن تھیں، اس اعتبار سے حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ آنحضرت ﷺ کے خالہ زاد بھائی ہیں، اور ’’ہالۃ ‘‘ نبی ﷺ کی خالہ ہیں ۔
’’الإصابة في تمييز الصحابة لابن حجر (المتوفی:852ھ)‘‘ میں ہے :
" صفية بنت عبد المطلب بن هاشم القرشية الهاشمية عمة رسول الله صلى الله عليه وسلم ووالدة الزبير بن العوام أحد العشرة وهي شقيقة حمزة أمها هالة بنت وهب خالة رسول الله صلى الله عليه وسلم. "
(الإصابة في تمييز الصحابة، (7/ 743) رقم الترجمة (11405)، ط/ دار الجيل، بيروت)
فقط والله اعلم
فتوی نمبر : 144411101717
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن