بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حصولِ اولاد کے لیے وظیفہ


سوال

اولاد نہ ہورہی ہو،  تو  کیا اس کے لیے کوئی مجرب وظیفہ بتا سکتے ہیں؟  جو ہمارے بزرگانِ دین سے ثابت ہو اور پراثر ہو ، میری شادی کو بارہ سال ہوچکے ہیں، اب تک بے اولاد ہوں۔

جواب

ظاہری اسباب اختیار کرنے کے  ساتھ  صدق دل سے اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی  بے  چارگی کو بیان کر کے خوب  خوب  دعائیں مانگیں اور  استغفار اور صدقہ کی کثرت کریں، نیز میاں بیوی دونوں چلتے پھرتے بکثرت اور بالخصوص   ہر نماز کے بعد میاں بیوی دونوں سات مرتبہ درج ذیل دعا کا اہتمام کریں، اللہ کی ذات سے قوی امید ہے کہ وہ ان کو اولاد کی نعمت عطا کردے گا:

"﴿رَبِّ لَا تَذَرْنِي فَرْدًا وَأَنتَ خَيْرُ الْوَارِثِينَ﴾ ."(الانبياء، 89)

اور اسی طرح ہر نماز کے بعد درج ذیل آیت بھی سات دفعہ پڑھنے کا اہتمام کریں:

"﴿رَبِّ إِنِّي لِمَا أَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ﴾ ."(القصص، 24)

حکیم الامت  حضرت مولانا اشرف علی تھانوی  رحمہ اللہ نے اعمال ِ قرآنی میں لکھا ہے:

اولاد کے لیے دعا:"﴿رَبِّ هَبْ لِي مِن لَّدُنكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً ۖ إِنَّكَ سَمِيعُ الدُّعَاءِ﴾ ."(آل عمران، 38)

خاصیت:  جس کو اولاد سے مایوسی ہو،وہ اس آیت کو پڑھاکرے،خداوندِ کریم اس کی برکت سے فرزندِ صالح عطافرمائے گا ان شاء اللہ۔

(اعمالِ قرآنی، ص:30،ط: دارالاشاعت،اردو بازار ،کراچی)

قرآنِ مجید میں ہے:

"﴿فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا. يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا. وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَارًا﴾ ."(نوح، 12،11،10)

ترجمہ:"اور میں  نے کہا کہ تم اپنے پروردگار سے گناہ بخشواؤ بے شک وہ بڑابخشنے والا ہے، کثرت سے تم پر بارش بھیجے گا اور تمہارے مال اولاد میں ترقی دے گا،اور تمہارے لیے باغ لگادے گااور تمہارے لیے نہریں بہا وے گا"

فقط وللہ اعلم


فتوی نمبر : 144501100549

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں