بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 شعبان 1446ھ 07 فروری 2025 ء

دارالافتاء

 

حکومت کی طرف سے ملنے والے فنڈ اور پنشن میں وراثت جاری ہوگی؟


سوال

میرے والد مرحوم کی گورنمنٹ جاب تھی ، ریٹائرمنٹ کے قریب قریب ان کی بیماری کی وجہ سے وفات ہوگئی، وفات کے وقت ان کے ترکہ میں کچھ بھی نہیں تھا،  جو کچھ کمایا تھا بیوی بچوں کو کھلادیا تھا،  یہاں تک کہ ساری زندگی کرایہ کے مکان میں گزارا کیا،  وفات کے بعد گورنمنٹ کی جانب سے مروجہ فنڈ اور پینشن کی رقم میری والدہ کے نام پر جاری ہوئی۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا جو رقم والدہ کے لیے گورنمنٹ کی جانب سے جاری ہوئی ہے اس میں ہم بھائی بہنوں کا حصہ ہوگا؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں والد کی وفات کے بعد حکومت کی جانب سے  والدہ کے نام پر جو پنشن جاری ہوئی ہے،  صرف والدہ  پنشن کی رقم کی مالک ہوں گی اور اس میں وراثت جاری نہیں ہوگی،  کیوں کہ پنشن کی رقم جب حکومت کی طرف سے کسی کو دی جاتی ہے  تو وہی اس کا مالک ہوتاہے اور یہ حکومت کی  طرف سے  تبرع و انعام ہے،لیکن حکومت سے ملنے والے وہ فنڈ جس  کےلیے سائل کے والد  کی ملازمت کے دوران ان کی تنخواہ سے کٹوتی ہوتی تھی، وہ سائل کے والد  کی ملکیت  ہیں اور مملوکہ اشیاءمیں وراثت جاری ہوتی ہے،لہٰذا والد کی وفات کے بعد ان کے ترکہ میں شمارہوکر ان کے ورثاءمیں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔

فتاوی شامی میں ہے:

"فالوراثة خلافة أيضا كما صرحوا به، لكنها تستدعي سبق ‌ملك ‌المورث".

(كتاب الجنايات، ‌‌باب الشهادة في القتل واعتبار حالته، ج:6، ص:586، ط: سعيد)

بدائع الصنائع میں ہے:

 

"ولا ‌يجري فيه ‌الإرث؛ لأن ‌الإرث إنما ‌يجري في المتروك من ‌ملك أو حق للمورث على ما قال عليه الصلاة والسلام من ترك مالا أو حقا فهو لورثته".

(كتاب الحدود، فصل في بيان صفات الحدود، ج:7، ص:57، ط: دار الكتب العلمية)

العقود الدریۃ فی تنقیح الفتاوی الحامدیۃ میں ہے:

"المتبرع لا يرجع بما تبرع به على وغيره كما لو قضى دين غيره بغير أمره".

(كتاب المداينات: ج: 2، ص: 226، ط: دار المعرفة)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144603100390

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں